نئی دہلی:کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے گجرات میں پٹیلوں کے ریزرویشن کے مطالبے پر بھڑکے تشدد کے لئے بالواسطہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے اسے “غصے کی سیاست” کا نتیجہ بتایا ہے ۔مسٹر گاندھی نے ٹوئٹر پر آج مسٹر مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ “غصے کی سیاست کی جاتی ہے تو اس سے ملک پر منفی اثر پڑتا ہے ، وہی آپ کو گجرات میں نظر آرہا ہے ”۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی سوچ سب کو متحد کرنے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ہے ۔ کانگریس کی سوچ سبھی کو بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھانے کی ہے ۔مسٹر گاندھی اپنی سیاسی تقریروں میں مسٹر مودی پر غصے کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔