ممبئی (بھاشا) ہندوستان میں سونے کی طلب ۲۰۱۴ کی دوسری سہ ماہی کے دوران کم ہوگئی ہے۔ یہ ۳۹ فیصد کم ہوکر ۱ء۲۰۴ ٹن رہ گئی ہے۔ ورلڈ گولڈ کونسل (ڈبلو جی سی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بازار میں سونے کی قیمت میں کمی کے اندیشوں کے سبب ایسا ہوا ہے۔ ڈبلو جی سی کی طلب کے رجحان سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۱۳ کی اسی مدت کے دوران سونے کی طلب ۳۳۷ ٹن تھی۔ رپورٹ کے مطابق صارفین کو امید تھی کہ قیمت میں کی ہوکر ۲۵ ہزار روپئے کی سطح پر آجائے گی اور عام اتنخابات کی وجہ سے جو غیر یقینی صورتحال پیداہوئی اس کا بھی اثر سونے کی طلب پر ہوا۔
ڈبلو جی سی کے ڈائریکٹر جنرل سوم سندرم پی آر نے کہا حالانکہ گذشتہ پانچ برسوں کے طویل مدتی اوسط کے حساب سے دوسری سہ ماہی میں طلبی زور دار رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ۲۰۱۴ کی دوسری سہ ماہی کے دوران کل زیورات کی مانگ بھی ۱۸فیصد گھٹ کر ۵ء۱۵۴ ٹن رہ گئی۔ جو گذشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں ۱۸۸ ٹن تھی۔ قیمتوں کے لحاظ سے زیورات کی مانگ ۵ء۳۸۲۶۹ کروڑ روپئے رہی جو ۲۰۱۳ کی دوسری سہ ماہی میں درج ۲ء۴۷۷۱۶ کروڑ روپئے کے مقابلے ۲۰ فیصد کم ہے۔ سرمایہ کاری کے تعلق سے سونے کی طلبی ۶۷ فیصد کم ہوکر ۶ء۴۹ ٹن رہ گئی جو گذشتہ سال کی اسی مدت میں ۱۴۹ ٹن تھی۔