لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماجوادی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ دونوں پارٹیوں نے اقتدار پر رہتے ہوئے گرانی اور بدعنوانی میں اضافہ کے سوا ملک کو کچھ نہیں دیا۔ دونوں ہی حکومتوں میں بدعنوانی کے معاملات ہوئے ہیں۔ کانگریس و بی جے پی دونوں نے فرقہ پرست طاقتوں کو بڑھاوا دیاہے۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے پریس کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج آنے سے قبل ہی مختلف پارٹیوں کو مایوسی ہونے لگی ہے۔ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ مزاحیہ شور کے ذریعہ عوام کو گمراہ کریں گے اور ان کے وو
ٹ کو متاثر کر سکتے ہیں لیکن عوام ان کی ان کارگزاریوں سے بخوبی واقف ہیں۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے کارناموں سے پریشان ہو چکے ہیں اور اب عوام سیاسی متبادل کی تلاش میں ہیں۔ اقتدارحاصل نہ کرنے سے پریشان دونوں جماعتوں کو کچھ بھی سمجھ میں نہیں آرہاہے اس لئے وہ پالیسی اور پروگراموں پر گفتگو کر نے کے بجائے یا توروڈ شو کی نوٹنکی کر رہے ہیں یا پھر چائے کافی فروخت کرنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پا س ملک کے عوام کی ترقی کیلئے کوئی اسکیم نہیں ہے اس لئے اس طرح کی عجیب و غریب حرکات کر رہے ہیں اس کام میں بی ایس پی بھی انہیں تعاون دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش یاد و نے ترقی کا جو نیا ایجنڈا دیا ہے اور عوامی مفاد کی اسکیموں کو عملی جامعہ پہنایا ہے اس سے عوام میں حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور وزیر اعلیٰ کے تئیں اعتماد پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی سیاسی فکر واضح ہے فرقہ پرستی کے خلاف وہ ہمیشہ سے جدو جہد کرتی آئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملائم سنگھ یادو کی کوششوں سے ہی بی جے پی اقتدار سے محروم رہی کیونکہ سماج وادی پارٹی سیاسی متبادل کو مضبوطی دینے میں لگی ہوئی ہے اور اس مرتبہ مرکز میں حکومت کی تشکیل میں پارٹی کااہم رول یقینی ہے۔