لکھنؤ(بیورو)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج افسران سے کہا کہ گرمی میں بجلی کی قلت نہیں ہونا چاہئے۔ موسم کے پیش نظر سبھی بجلی سب اسٹیشنوں، ٹرانسفارمروں اور لائنوں کا بندوبست ہر حال میں چست و درست رکھا جائے اور فیلڈ میں تعینات انجینئر اس کام کو ترجیحی بنیاد پر کریں۔ وزیر اعلیٰ ایک اعلیٰ سطحی جلسہ میں توانائی محکمہ کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی بجلی سے متعلق ضرورتوںکو پورا کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور اس کیلئے بجلی پیداوار ، فراہمی اور تقسیم نظام میں بڑے پیمانے پر کام کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نئے بجلی پروجیکٹوں کو تیزی سے پورا کرنے اور بجلی صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے پرنسپل سکریٹری توانائی کو ہدایت دی کہ انپرا ڈی تھرمل پروجیکٹ کی ۵۰۰ میگاواٹ صلاحیت کی دوسری یونٹ ہر حال میں جولائی ماہ میں شروع کر دی جائے۔ ٹرانسمیشن کے کاموں میں خاص طور سے تیزی لائے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کام کو مرحلہ وار مکمل کیاجائے جس سے ۲۰۱۶ء تک نئے بجلی پروجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فراہمی عوام کو کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت دیہی علاقوں کے بجلی نظام میں اصلاح کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس کے تحت تحصیلوں میں بہتر بجلی فراہمی کیلئے بجلی سب اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے دیہی بجلی کاری کے کاموں میں تیزی لانے اور کسانوں کے مفاد میں نجی ٹیوب ویلوں کی بجلی کاری فوراً یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت زرعی فیڈر کو الگ کرنے کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے تاکہ زراعتی کاموں اور دیہی علاقوں کیلئے بہتر بجلی فراہم کی جا سکے۔ اس پر عملدرآمد کے سلسلہ میں دین دیال اپادھیائے گرام جیوتی اسکیم کے تحت حکومت ہند سے مالی مدد حاصل کرنے کیلئے فوراً پیکیج کا مطالبہ کیاجائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی توانائی ضرورتوں کو دھیان میںرکھتے ہوئے سبھی طریقے اختیار کئے جانے ضروری ہیں۔ اس کے پیش نظر انہوں نے ایک اضافی الٹرا میگاپاور پلانٹ پروجیکٹ کیلئے حکومت ہند کو جلد تجویز بھیجنے کو کہا ہے۔ انہوں نے لانگ ٹرم بجلی کی خرید کو ٹائی اپ کئے جانے اور پاور سرپلس ریاستوں سے اسٹیٹ ٹو اسٹیٹ بجلی خرید کیلئے کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے پاور کارپوریشن بجلی پیداوار کارپوریشن اور ٹرانسمیشن کمپنیوںمیں خالی عہدوں کو ضرورت کے مطابق بھرنے کی ہدایت دی ہے۔ جلسہ میں وزیر مملکت برائے توانائی یاسر شاہ، پرنسپل سکریٹری توانائی سنجے اگروال، ایم ڈی سنجے پرساد، پاور کارپوریشن کے ایم ڈی اے پی مشر اور پانچ بجلی تقسیم کمپنیوں کے ایم ڈی بھی موجود تھے۔