اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے گذشتہ سال پاکستان سے اغوا ہونے والے ایک چینی شہری کو بازیاب کروا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے گزشتہ برس عسکریت پسندی سے متاثر خطے سے اغوا ہونے والے ایک چینی سیاح کو بازیاب کرالیا۔
نامعلوم سیاح کو گزشتہ برس مئی میں صوبہ خیبر پختونخوا کے بلوچستان کی سرحد اور جنوبی وزیرستان سے ملحقہ علاقے درہ بن سے اغوا کیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا ” چینی سیاح کو ہفتہ کی شب ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کیا گیا اور انہیں جلد اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے حوالے کردیا جائے گا”۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیاح اس علاقے سے سائیکل پر سفر کرتے ہوئے گزر رہا تھا جب اسے گزشتہ برس اغوا کیا گیا۔
تحریک طالبان پاکستان کا ایک دھڑا اس اغوا کے پیچھے بتایا گیا ہے مگر چوہدری نثار نے یہ نہیں بتایا کہ چینی سیاح کو کیسے بازیاب کرایا گیا ہے۔ اس حوالے سے رواں برس طالبان کے ایک دھڑے جیش الحدید نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ایک چینی سیاح اپنی رہائی کے لیے اپنی حکومت سے مدد کی اپیل کررہا تھا۔
اس ویڈیو میں اس مغوی کو ہونگ ژیوڈونگ کے نام سے شناخت کیا گیا جو رہائی کے لیے چینی حکومت سے اغوا کاروں کے تاوان کا مطالبہ پورا کرنے کی درخواست کرتا ہے۔ ہونگ اپریل 2014 میں ہندوستان سے پاکستان داخل ہونے کے بعد غائب ہوگئے تھے اور انہیں انیس مئی کو اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس کو صرف ان کا پاسپورٹ، سائیکل اور دیگر اشیا ہی مل سکی تھیں۔