لاہور: بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں گلوکاری کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھر فلم انڈسٹری کی طرح موسیقی کا شعبہ بھی شدید بحران سے دوچار ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار راحت نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں بڑی تیزی کے ساتھ گلوکاری کے شعبے میں نئے لوگ سامنے آ رہے ہیں جو انتہائی محنت کے ساتھ اپنا نام بھی بنا رہے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فن وثقافت کے فروغ کے لیے بنائے جانے والے اداروں کو کام کرنا ہوگا۔ ملک کے کونے کونے سے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے ساتھ انھیں بہتر کام کے مواقع بھی فراہم کرنا ہونگے، اگر ایسا کرلیا گیا تو پاکستان میں موسیقی کا شعبہ کبھی بحران کا شکار نہیں ہوسکے گا۔بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خاں کے البم ’’ بیک ٹولو‘‘ کی لانچنگ تقریب کے لیے کراچی کے فائیواسٹار ہوٹل میں تقریب کی تیاریاں جاری، معروف فنکار، گلوکار اور فیشن انڈسٹری کی اہم شخصیات بھی لانچنگ شو میں شریک ہونگی۔ راحت فتح علی خاں اپنی آواز سے شرکاء کو محظوظ کرینگے، وہیں تقریب کو یادگاربنانے کے لیے خصوصی پرفارمنسز بھی شامل کی گئی ہیں۔ راحت فتح علی خاں نے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میرے نئے البم ’’بیک ٹولو‘‘ میں دس رومانٹک گیت شامل ہیں، اس البم میں میرے ساتھ معروف پاپ اسٹار سلمان احمد نے بھی اپنی آواز کا جادوجگایا ہے، اس لیے ہماری یہ کاوش ہر لحاظ سے مختلف اور منفرد ہے۔ انھوں نے کہا کہ البم میں شامل گیت رومانٹک ہیں لیکن ان کی دھنوںکو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام عمر کے لوگ انکو پسند کرینگے۔راحت فتح علی خاں نے بتایا کہ لانچنگ تقریب میں فنون لطیفہ کی اہم ترین شخصیات شرکت کرینگی، اس پروگرام میں ہم جہاں پرفارم کرینگے، وہیں شرکاء کی تفریح کے لیے کچھ خاص سیگمنٹس بھی تیار کیے ہیں جو پروگرام کے روز دیکھ کر لوگ حیران رہ جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک میں لانچنگ شوز کو بھرپور انداز سے منعقد کیا جاتا ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ اس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر کوئی لانچنگ شو منعقد نہیں ہوا ہو گا۔