مشہور امریکی گلوکارہ و اداکارہ میڈونا کا تیرہواں میوزیکل البم ’ریبل ہارٹ‘ یا باغی دل چھ مارچ سے ریلیز ہو چکا ہے۔ اِس میوزیکل البم میں کْل بیس نغمات شامل ہیں۔
میڈونا کے نئے میوزیکل البم کے حوالے سے ناقدین کا کہنا ہے کہ میٹیریل گرل کہلانے والی اِس مغنیہ کا یہ ایک طرح سے میوزیکل پورٹریٹ ہے۔ گریمی ایوارڈ جیتنے والی چھپن سالہ امریکی گلوکارہ پروفیشنلی ایک دل لبھانے والی پرفارمر ہے۔ نئے البم میں بھی جہاں شائقین اور ناقدین نے میڈونا کے اندرونی باغیارنہ رویے کا قدرتی سخت گیر پہلو محسوس کیا ہے، وہیں اْس کے انتہائی رومینٹک ہونے کے نرم رویے کا رنگ بھی سامع کو ملتا ہے۔ میڈونا کے مطابق البم کے ایک حصے کے دس گیت باغیانہ اور جذبات کو بھڑکا دینے والے ہیں اور دوسرے حصے کے دس گیت انتہائی زیادہ رومینٹک اور کمزور شخصیت کے عکاس ہیں۔میڈونا کا آخری یعنی بارہواں البم سن ۲۰۱۲میں ریلیز ہوا تھا اور یہ البم بِل بورڈ ۲۰۰پر فوراً ہی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اسی البم میں میڈونا کا اپنی ذاتی زندگی پر لکھا ہوا مشہور گیت “Veni Vidi Vici” بھی شامل تھا۔ اس گیت میں میڈونا نے اپنے پروفیشن کے علاوہ اپنی اندرونی کیفیات اور اپنے غیر محفوظ ہونے کے احساس کو بھی سمویا تھا۔ یہ البم بھی عوامی سطح پر انتہائی مقبول ہوا تھا۔نیوز ایجنسی روئٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے میڈونا کا اپنے نئے البم کے گیتوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ اْن کے شعراء ایسے الفاظ لکھ دیتے ہیں، جو اْس کی روح کو گھسیٹ کر موسیقی کی دنیا میں پھر لاکھڑا کرتے ہیں اور اِن الفاظ سے اْس کا اندرون تہ و بالا ہو جاتا ہے۔ میڈونا نے نئے البم کے ایک گیت ’جون آف آرک‘ کا حوالے دیتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اس البم میں جہاں چند سنجیدہ گیت ہیں، وہیں بدن کو تھرکنے پر مجبور کرنے والے ڈانس گیت بھی شامل ہیں۔ ان میں ’لیونگ فار لو‘ کو انہوں نے خاص طور پر اہم خیال کیا ہے۔ میڈونا کے ڈانس سانگز کی تیاری میں مشہور امریکی ڈی جے ڈِپلو بھی شامل رہا ہے۔
میڈونا کے نئے البم میں ایک مرتبہ پھر مذہب اور جنس کے موضوعات پر مبنی گیتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ میڈونا کے مطابق وہ ایسے موضوعات پر گیتوں کی تیاری میں لامحدود دلچسپی محسوس کرتی ہے۔ میڈونا کا مزید کہنا تھا کہ سیکس اور مذہب ایسے دو موضوعات ہیں جن کو لوگوں نے غلط رنگ میں بیان کیا ہے۔ میڈونا کے مطابق یہ دونوں موضوع دنیا میں جہاں بہت ساری روشنی لائے ہیں، وہیں تاریکی کا سبب بھی بنے ہیں۔ میڈونا نے اپنے نئے البم کی تیاری میں رَیپ گیت گانے والے پرفارمر کانیا ویسٹ کا تعاون بھی حاصل کیا۔ میڈونا نے ویسٹ کے علاوہ نِکی مِنہاج اور باکسر مائیک ٹائسن کی آوازوں کو بھی اپنے گیتوں میں استعمال کیا ہے۔یہ امر اہم ہے کہ اب تک ساری دنیا میں میڈونا کے فروخت ہونے والے میوزیکل البمز کی تعداد 300 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ گِنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں سب سے زیادہ مقبول گلوکارہ قرار دیا ہے۔ امریکی ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے میڈونا کو بیسویں صدی کی سب سے زیادہ مقبول خاتون راک آرٹسٹ قرار دیا ہے۔
امریکا میں اْن کے فروخت ہونے والے البمز کی تصدیق شدہ تعداد 64.5 ملین ہے۔
صرف میوزیکل بینڈ ’بیٹلز ‘کے اْن سے زیادہ البمز فروخت ہوئے ہیں۔