نئی دہلی۔(یواین آئی) صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج صارفین کے امور کے محکمہ کے دو نئے اقدامات کی شروعات کی جن کا مقصد صارفین میں بیداری کو بڑھانا اور ملک میں صارفین کودی جانے والی سپورٹ سروسز میں مضبوطی لانا ہے ۔ان اقدامات میں گمراہ کن اشتہارات کے خلاف شکایت درج کرانے کیلئے ایک پورٹل اور گراہک سودھا کیندرز شامل ہیں۔ یعنی احمد آباد ، بنگلور، جے پور، کولکاتا، پٹنہ اور دہلی میں ایک اسٹاپ کنزیومر سینٹر قائم کئے گئے ہیں ۔ یہاں صارفین کے امور کے محکمہ کے اہتمام کردہ صارفین کے
حقوق سے متعلق قومی کانفرنس کے دوران ان دونوں اقدامات کا افتتاح کیا گیا اور اس سے صارفین کو مزید تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اقدامات شروع کرنے سے قبل قومی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے رام ولاس پاسوان نے صارفین کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق حکومت کی عہد بستگی کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محض حکومت ان چیلنجوں سے نمٹ نہیں سکتی بلکہ اس کیلئے مرکزی حکومت ، ریاستی حکومتوں، رضاکار صارف تنظیموں اور منتخب نمائندوں کو یہ ہدف حاصل کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔