نئی دہلی، 29 نومبر ؛اپنی جونیئر خاتون ملازم کے ساتھ دست درازی اور آبروریزی کی کوشش کے معاملے کے ملزم تہلکہ میگزین کے ایڈیٹر ترون تیج پال کو گوا پولیس بھگوڑا قرار دے دسکتی ہے۔گوا پولیس کی ٹیم نے آج صبح یہاں تیج پال کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا لیکن وہ اپنے گھر پر نہیں ملے۔ ان کی بیوی گیتن اور ان کے گھر والوں نے ان کے بارے میں پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی۔گوا پولیس کا کہنا ہے کہ ترون تیج پال کو بھگوڑا قرار دیا جاسکتا ہے اور ا نکی گرفتاری ہی آخر متبادل ہے۔ تہلکہ میگزین کے ایڈیٹر کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جاچکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بھگوڑا قرار دیئے جانے کے بعد ترون تیج پال کی جائیداد بھی قرق کی جاسکتی ہے۔ اس دوران ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں یہ بھی بتایاجارہا ہے کہ ان کے وکیل پیشگی ضمانت کے لئے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔