نئی دہلی، 5جون (یو این آئی) مرکزی کھادی اور گرام ادیوگ کمیشن ، ماحولیات کے تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے گوبر اور کوڑے کچرے سے تیار کاغذ کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے ۔
دہلی کے گرام ادیوگ اور کھادی بھون کے ڈائریکٹر ڈی ایس بھاٹی نے آج یہاں یوم ماحولیات کے موقع پر ہینڈ میڈ پیپر کی ایک نمائش کے افتتاح کے موقع پر بتایا کہ کمیشن نے گائے ، بھینس اور ہاتھی کے گوبر سے کاغذ بنانے کی تکنیک تیار کی ہے ۔ کمیشن نے جے پور اور کرنال کے سینٹر م
یں کوڑے کچرے سے کاغذ بنانے کو فروغ دیا ہے ۔ یہ کاغذ سودیشی تکنیک سے ہاتھوں سے تیار کیا جاتا ہے ۔ نمائش میں ہاتھوں سے تیار کاغذ کی چیزوں کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے ۔مسٹر بھاٹی نے بتایا کہ کوڑے کچرے سے کاغذ بنانے سے ماحولیات کا تحفظ تو ہوگا ہی ساتھ ہی لوگوں کو مقامی سطح پر روزگاربھی دستیاب کرایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کاغذ خراب او راستعمال شدہ کاغذ، پرانی کتابوں اور کپڑوں ، کپاس کے بچے ہوئے اجزاءاور دیگر بایو کچرے سے بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ تمام بڑے گوشالاوں سے گوبر سے کاغذ بنانے کے پلانٹ لگانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس کاغذ سے لیٹر پیڈ ، جلد، فولڈ ر ، فائل ، ڈبے اور لفافے بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہاتھ سے بنے کاغذ کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور کئی بڑے ادارے اس میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔ یہ نمائش پانچ دن تک چلے گی۔