لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے شہیدی دیوس پر گورنر بی ایل جوشی نے آج گاندھی کے مجسمہ پر راج بھون میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی آزادی کیلئے قدآور شخصیات نے اپنا سب کچھ نچھاور کر دیا ان کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ملک کی سالمیت کو محفوظ رکھنا ان کیلئے سب سے بڑی خراج عقیدت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے والے تمام شہیدوں کے خوابوں کو ہمیں شرمندہ تعبیر کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ خراج عقیدت صرف علامتی نہیں بلکہ اپنے اندر تبدیلی لاکر پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ پیغام آئندہ نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بھات کھنڈے سنگیت سنستھان کے فنکاروں نے باپوکے مقبول بھجن اور رام دھن پیش کیں، اس موقع پر دو منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔ تقریب میں سکریٹری راجیو کپور اور چندر پرکاش سمیت دیگر افراد بھی موجود رہے۔ دوسری طرف سکریٹریٹ ثقافتی پروگرام کے تحت باپوبھون کے آڈیٹوریم میں ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیاگیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ارونا کمار کوری شریک ہوئیں۔ انہوں نے میگزین ’سچیوالیہ‘ کی رسم اجراء بھی ادا کی۔ پروگرام میں کافی تعداد میں افسران اور گزیٹیڈ ادھیکاری سنگھ کے اراکین موجود رہے۔