لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست کے گورنر رام نائک نے آج نیشنل ایسوسی ایشن فار بلائنڈ کے زیر اہتمام سرلوئس بریل کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام میں شرکت کی۔ مقامی وشویشوریہ آڈیٹوریم میں منعقد پروگرام میں رام نائک نے کہا کہ سر لوئس بریل کی ایجاد نے نابینا افراد میں خود اعتمادی پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ صاحب نظر ہونا ایک بات ہے اور دیکھنا الگ بات ہے۔ بریل سے نابینا افراد نے پڑھنا لکھنا شروع کیا اور بولنے و سننے کیلئے الگ سے آلات تیار کئے گئے۔ انہوںنے کہا کہ ایسے افراد کو آگے بڑھانے کا کام کرنا اور تربیت دینا حقیقت میں بڑا ہی اہم کام ہے۔ گورنر نے نابینا بچوںکے ذریعہ پیش کئے گئے ثقافتی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نابینا افراد کیلئے منعقد کیا گیا ہے مگر جو نظر اور فن نابینا بچوں میں ہے وہ خود ان میں نہیں ہے۔
بچوںمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ ہے۔ پروگرام پیش کرنے میں جذبات کی قوت نظر آئی۔ سماج میں جو لوگ کسی تب سے جسمانی طور سے معذور یا کمزور ہیں۔ انہیں ساتھ لیکر چلناہوگا ۔ گورنر نے کہا کہ ایسے لوگوں کی خدمت کرنا اور آگے بڑھنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا خدائی خدمت سے بہتر ہے۔ اس موقع پر گورنر نے ایسوسی ایشن کے ذریعہ منعقد مضمون نویسی مقابلہ بریل کی اہمیت میں فاتح بچوں کو انعامات بھی تقسیم کئے۔