لکھنو:ایک روز نامہ کی اعزازی تقریب میں گورنر رام نائک نے بطور مہمان خصوصی طبی ، صنعت، تعلیم، دیہی، شعبہ میں تعلیم، چھوٹی صنعت، سماجی خدمات، سہکاری بینکنگ، الیکٹرانک مصنوعات اور ڈیری رئیل اسٹیٹ سے جڑی ۲۸ شخصیات کو یادگاری نشان دے کر سرفراز کیا۔ اس موقع پر رام نائک نے کہا کہ اعزاز سے دوسرے لوگوں کو بھی سبق ملتا ہے۔ ایسا سبق سماج کو آگے لے جاتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ صنعت کاروں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ سیاست اور صحافت کے میدان سے جڑے لوگوں کو بھی سرفراز کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور صحافت کے شعبہ میں بھی اچھے لوگ ہیں۔ گورنر نے اعزاز پانے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ان سے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں نئی اونچائیوں پر پہنچیں لیکن اپنے ساتھ کمزور لوگوں کو بھی جوڑیں۔ اگر یہی مقصد ہو تو ملک بلندیوں پر پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ کچھ دن پہلے اس اخبار کی جانب سے پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سیاست، کھیل اور دیگر شعبوں سے جڑے لوگوں کے خیالات جاننے کو ملے تھے کہ وہ ملک کو آگے بڑھانے میں کیا سوچتے ہیں۔