لکھنؤ (یو این ائی/نامہ نگار) اترپردیش کے گورنر بی ایل جوشی نے ضلع سنت کبیر نگر میں چریب ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ہونے والے ٹرین حادثہ میں۴۰؍ افراد کی موت پرگہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔مسٹر جوشی نے ایک تعزیتی پیغام میں مقتول مسافروں کی روح کی تسکین کیلئے دعا کرتے ہوئے غمزدہ رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کی بھی دعا کی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ریل حادثہ میں ہلاک شدگان کے کنبہ سے دلی ہمدردی
کا اظہار کیا ہے انہوں نے افسران کو راحت کے کاموںمیں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج کیلئے مناسب بندوبست کیا جائے۔
دوسری جانب غذا و رسد وزیر رگھوراج پرتاپ سنگھ راجا بھیا نے سنت کبیر نگر ضلع میں چریب اسٹیشن پر ہوئی گورکھدھام ایکسپریس ریل حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے تئیں دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ہلاک شدگان کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے جلد شفا یاب ہونے کی بھی دعا کی ہے وزیر رسد نے کہا کہ حادثہ میں ہلاک افراد کے ورثاء کو محکمہ فوڈ کے ذریعہ اے پی ایل شرح پر غذائی اشیاء دی جائے گی۔ اس کیلئے اترپردیش کے سبھی ضلع سپلائی افسران کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔