لکھنؤ(نامہ نگار)ریاست کے گورنر رام نائک، وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ، وزیر شہری ترقیات محمد اعظم خاں، وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو سمیت وزیر ثانوی تعلیم محبوب علی، وزیر تکنیکی تعلیم شواکانت اوجھا، وزیر ریاست برائے جنگلات فرید محفوظ قدوائی اور وزیر ریاست برائے چھوٹی صنعت (آزاد چارج) بھگوت سرن گنگوار نے عید الفطر کے مبارک موقع پر سبھی ریاستی عوام خاص طور پر مسلم بھائیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات دی ہیں۔
ان وزراء نے ایک تہنیتی پیغام میں کہاکہ سبھی طبقوں اور مذاہب کے لوگ آپسی بھائی چارہ کے ساتھ اس تیوہار کو مل-جُل کر منائیں۔انہوںنے کہاکہ یہ تیوہار ملک کی کثیرالوسعت ثقافت کی علامت ہے۔یہ آپسی ملک اور بھائی-چارہ کا تیوہار ہے۔ ریاست کے وزیر شہری ترقیات اعظم خاں نے کہا کہ عید الفطرکا مبارک تہوار نہ صرف رمضان کے مہینے میں کی جانے والی عبادت کا انعام ہے بلکہ غریبوں اور بے سہاروں کی مدد کرنے کا بھی پیغام دیتا ہے۔
اس موقع پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں اعظم خاں نے کہاکہ ’’حالات کبھی خود بدلتے ہیں اور کبھی قدرت انہیں بدلتی ہے، لیکن عید ہر حالات میں آتی ہے۔ ماہ رمضان کا انعام عید ہے۔ اللہ کے انعام میں رضامندی اور غیر رضامندی کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ اس بار بھی عید آئی ہے ، حالات جو بھی ہوں، ذمہ دار کوئی بھی ہو، عید بس عید ہے۔عید کی بے شمار خوشیاں آپکو مبارک ہوں‘‘۔مسٹر اعظم خاں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس مبارک تیوہار کواس کے صحیح معنوں میں خوشی اور امن و چین کے ماحول میں منائیں۔