حاجی پور: بہار کے گورنر رام ناتھ کووند نے یکم اپریل سے ریاست میں شراب پر پابندی عائد کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کے نفاذ میں عوامی نمائندوں اور عام شہریوں سے بامعنی تعاون دینے کی اپیل کی۔ مسٹر کووند نے آج یہاں انڈور اسٹیڈیم میں چوتھی قومی انسانی حقوق کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق ادارے کے نمائندوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شراب پر پابندی کے قانون پر عمل درآمد کے لئے پارلیمنٹ سے پنچایت سطح تک عہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو شراب سے پاک ریاست بنانے کے حکومت کے فیصلے کا مثبت پیغام دیگر ریاستوں کو گیا ہے ۔
گورنر نے کہا کہ انسانی حقوق انسان کے وجود سے جڑا ہے ، جسے لوگوں میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرکے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انسانی ہمدردی ہی انسانی حقوق کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں یا معاشرے کے درمیان حقوق کے تعلق سے ہونے والے ٹکراؤ کی بنیادی وجہ خودغرضی رہی ہے اور اسے دور کرنے کا کام امن و آشتی اور باہمی بھائی چارے سے کیا جا سکتا ہے ۔