لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ضلع سینک کلیان ایوم پنرواس اور ڈاکٹر کے ایل گرگ میموریل چریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے ناری شکشا نکیتن قیصر باغ کے احاطہ میں شہید فوجی اعزاز اور اعزاز تقریب کا آج اہتمام کیا گیا۔ گورنر رام نائک نے اس موقع پر اح
اطہ میں واقع شہید اسمارک پر گلپوشی کر کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں سابق فوجی شہیدوںکی بیواؤں و اہل خانہ کے ساتھ ساتھ گرگ میموریل چریٹیبل ٹرسٹ کے صدر ایس کے گرگ ڈائریکٹر سینک کلیان ایوم پنرواس برگیڈئر امولیہ موہن ، میجر جنرل آر ایس مالویہ، لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر بھی موجود تھے۔ گورنر نے تقریب میں لڑائیوں اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں شہید ہوئے لکھنؤ کے ۶۱ فوجیوں کے کنبوں، ۳۷ لڑائی میں معذور فوجیوں اور ۳۲ بہادری اعزاز سے سرفراز فوجیوں کو تین ہزار روپئے کی نقدم اور شال دے کر سرفراز کیا۔ ٹرسٹ نے اس برس ۲۷ مالی طور سے کمزور آنجہانی فوجیوں کی بیویوں کو دو ہزار روپئے فی ماہ کی پنشن کے چیک کے ساتھ تین ہزار کی نقد رقم اور شال دے کر سرفراز کیا ہے۔
اس کے علاوہ سابق فوجیوں اور زیر ملامت ۱۰۰ فوجیوں کو دو ہزار روپئے کی نقد رقم سے سرفراز کیا گیا اور ایسے ہی دیگر ۸ بہادر فوجیوں کو بھی سرفراز کیا گیاہے۔اس موقع پر گورنر نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی تاریخ بہادری کی تاریخ رہی ہے۔ ملک کی فوج اول درجہ کی ہے، ملک کی حفاظت کیلئے جدو جہد کر کے ترنگا اونچا رکھنے والے فوجی قابل ستائش ہیں ۔ فوجی چوبیس گھنٹے ماہ کے تیس دن اور سال کے ۳۶۵ دن مسلسل ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ شہید ہونے والے فوجیوں کو ہندوستان فراموش نہیں کرتا۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے جے جوان جے کسان کا نعرہ دیتے ہوئے ملک کے عوام سے ایک دن بھوکے رہ کر سرحد پر رہنے والے فوجیوں کیلئے اناج مہیا کرانے کی بات کہی تھی۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر ہمارے فوجی خطرناک حالات میںکام کرتے ہیں۔