لکھنؤ(بیورو)گورنر رام نائک نے آج ریزرو بینک آف انڈیا لکھنؤ منطقہ کی جانب سے اسکولی بچوں کیلئے منعقد کوئز مقابلہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریزرو بینک کی ریجنل ڈائرکٹر سوپریہ پٹنائک و دیگرافسران سینئر افسران سمیت تقریباً ۱۸۰؍اسکولوں کے بچوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
گورنر نے مقابلہ کا افتتاح کرتے ہوئے طلباء و طالبات سے کہا کہ وہ مالی خواندگی کے سلسلہ میں بیداری پیدا کریں جس سے ملک کی اقتصادی حالت مضبوط ہو سکے۔ یہ اچھی شروعات ہے کہ بچے اپنے گھر والوں کو اس مقابلہ کے ذریعہ اقتصادی لٹریسی کے بارے میں معلومات فراہم کریںگے۔ اس مقابلہ کے ذریعہ یہاں موجود طلباء و طالبات کامیابی حاصل کر کے ریاست اور لکھنؤ کا نام روشن کریںگے۔ آر بی آئی کا ملک کے اقتصادی شعبہ میں اہم کردار ہے۔ طلباء و طالبات کو بینک میں کھاتہ کھولنے کے فائدے بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے بچے جہاںبینک کے کام کرنے کے طریقے سے واقف ہوںگے تو وہیں ان میں بچت کرنے کا جذبہ بھی پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی شعبہ میں ابتدائی معلومات بڑھانے میں یہ مقابلہ اہم کردار
اداکر سکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ یوم آزادی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے جن دھن اسکیم شروع کرنے کی بات کہی تھی جس کے تحت تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد نے بینکوں میں اپنا کھاتہ کھولا ہے اور ایک بڑی تعداد کا کھاتا کھلنا ابھی باقی ہے۔ملک کی ترقی کیلئے اقتصادی خواندگی ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بینکوں سے منسلک ہو کر بینک کی جانب سے ملنے والی سہولتوں سے واقف ہو کر اپنے کاروبار کو بڑھا کر زیادہ فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائرکٹر سوپریا پٹنائک نے بتایا کہ اترپردیش میں ایسے مقابلے کانپور، آگرہ، وارانسی، الٰہ آباد، نوئیڈا اور غازی آباد میں منعقد کئے جا چکے ہیں انہوں نے بتایا کہ یہ مقابلے بچوں کیلئے مفید ہیں اس موقع پر سبھی کا خیر مقدم کرتے ہوئے گورنر کو یادگاری نشان بھی پیش کیا گیا۔