لکھنؤ:سماج وادی پارٹی نے گورنر رام نائک پر حملہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے انہیں برخاست کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ گورنر رام نائک کے بیانوں کو لے کر ناراض سماج وادی پارٹی نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ گورنر آئے دن ریاستی حکومت کے خلاف جس طرح کے بیان دے رہے ہیں اس سے گورنر عہدہ کا وقار ختم ہوگیا۔ اس عہدے پر بیٹھنے والے شخص کو گورنر کہہ کر مخاطب کرنا بھی اب شرمناک لگنے لگاہے۔ سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ اترپردیش کے گورنر رام نائک کو ان کے عہدے سے ہٹاکر ۷۱۰۲ میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے بی جے پی کے وزیر اعلیٰ عہدے کا امید وار کا اعلان کردیں۔ تاکہ وہ مزید بے شرمی کے ساتھ حکومت کے خلاف بیان بازی کرسکیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ یوں تو گورنر ہرروز کوئی نہ کوئی بیان دیتے ہیں۔ لیکن ابھی کچھ دن پہلے ان کے ذریعہ دیاگیا بیان کہ اترپردیش حکومت میں ایک ذات مخصوص کے وجود سے وہ فکر مند ہیں۔یہ گورنر کے ذہنی دیوالیہ پن کو دکھانے کے لئے کافی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اگر گورنر اپنے کام کاج کا طریقہ نہیں بدلیں گے تو ایس پی کارکنان تحریک چلائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ گورنر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے پروگراموں میں حصہ لینے کے لئے سرکاری مشینری کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اگر سویم سیوک سنگھ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔