گورکھپور:مشرقی اترپردیش کے گورکھپور میں واقع بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران دماغی بخار سے متاثر مزیدسات بچوں کی موت ہو جانے کے ساتھ ہی اس سال اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 435 ہو گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں علاج کے دوران دماغی بخار سے مرنے والوں میں کشی نگر ضلع کے تین اور گورکھپور، دیوریا، بستی، سنت کبیر نگر ضلع کا ایک ایک بچہ شامل ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ یکم جنوری سے اب تک دماغی بخار سے متاثر1686 مریضوں کو بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا جن میں سے 435 بچوں کی موت ہو چکی ہے ۔
میڈیکل کالج میں اس دوران 20 نئے مریضوں کو علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کالج میں اس وقت اس سے متاثر 85 مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ میڈیکل کالج میں علاج کے لئے آنے والوں میں گورکھپور اور بستی کے سات اضلاع کے علاوہ اعظم گڑھ، بلیا، گوڈا، مؤ، غازی پور، بلرام پور، امبیڈکر نگر، بدایوں سے لے کر جھارکھنڈ، بہار اور پڑوسی ملک نیپال کے بھی مریض داخل ہوئے ہیں۔