گورکھپور (نامہ نگار)سابق سکریٹری اترپردیش کانگریس کمیٹی بھولاناتھ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی پر کچھ مفاد پرست لوگ قابض ہوگئے ہیں اور پارٹی چاپلوسوں،موقع پرستوں ،جھوٹ بولنے والوں اور ہائی کمان کو گمراہ کرنے والوں پر مشتمل ہوگئی ہے۔ جسے نہ تو محترمہ سونیا گاندھی دیکھ پارہی ہیں اور نہ ہی راہل گاندھی۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کچھ غلط صلاح کاروں نے پارٹی پر پوری طرح قبضہ کرلیا ہے اورپرانے کانگریسیوں کو پارٹی سے دور کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ نظریہ کسی حد تک صحیح ثابت ہوا جب تک راہل گاندھی کا مشن ۲۰۱۴ گورکھپور میں کامیاب نہیں ہوگا اس وقت تک پارٹی کا امیدوار نہیں تبدیل کیا جاسکتا۔ جس کے لئے پوری طرح پارٹی کے ضلع صدر اور کارگزار صدر ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ انتخاب کے وقت ضلع کانگریس کمیٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ایسا گورکھپور کی تاریخ میں پہلی بار ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ گورکھپور میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کا کوئی انتخابی جلسہ نہ ہوسکا اور نائب صدر راہل گاندھی صرف بڑہل گنج میں ہی جلسہ منعقد کرسکے۔