لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ امین آباد علاقہ میں آپس میں کہا سنی کے سبب ایک گوشت فروخت نے اپنے ہی دوست پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ حملہ میں زخمی نوجوان کو علاج کیلئے بلرامپور اسپتال پہنچایا گیا۔ اس معاملہ میں زخمی کی ماں نے ملزم کے خلاف امین آباد کوتوالی میںرپوٹ درج کرائی ہے۔ وہیں حسن گنج علاقہ میں رہنے والے ایک ترقیاتی افسر پر سروینٹ کوارٹر میں رہنے والے ایک نوجوان نے حملہ کر دیا۔ اس معاملہ میں ملزم کے خلاف حسن گنج کوتوالی میں نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ امین آباد کے قصائی باڑہ کے رہنے
والے افضل عرف پہلوان کی گوشت کی دکان ہے۔ افضل کی وزیر گنج کے مشک گنج میں رہنے والے صدام سے دوستی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کو پہلوان سے ملنے کیلئے صدام امین آباد جھنڈے والے پارک آیا ہوا تھا۔ پہلوان اور صدام کے درمیان نشہ آور دوا لینے کے سلسلہ میں کہا سنی ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی طول پکڑ گئی کہ پہلوان نے صدام کو چاقو مار دیا۔ چاقو اس کے پیٹ میں لگا اور وہ لہو لہان ہوکر سڑک پر گر پڑا۔ اس درمیان ملزم پہلوان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی امین آباد پولیس نے زخمی صدام کو علاج کیلئے بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا۔اس معاملہ میں صدام کی ماں فہمیدہ نے ملزم پہلوان کے خلاف امین آباد کوتوالی میں نامزد رپورٹ درج کرائی ہے۔ دوسری جانب حسن گنج کے نرالہ نگر ترقیاتی افسر آشیش سنہا اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ آشیش کے گھر کے باہر بنے سروینٹ کوارٹر میں مہیپ نام کا ایک نوجوان بھی اپنے کنبہ کے ساتھ رہتاہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی صبح آشیش سنہا جب سوکر اٹھے تو انہیں کار میں کھروچ اور مہندی کے داغ پڑے ملے۔اس پر آشیش نے کار میں لگی کھروچ کے بارے میں مہیپ کی بیٹی سے پوچھ گچھ کی۔اسی بات سے ناراض مہیپ نے آشیش پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ اتفاق کی بات یہ رہی کہ آشیش نے کسی طرح چاقو ہاتھ سے پکڑ لیا اور لوگوں نے ملزم مہیپ کو پکڑ کر ان سے الگ کیا۔اس معاملہ میں آشیش نے ملزم مہیپ کے خلاف حسن گنج کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نے ملزم مہیپ کو گرفتار کر لیا ہے۔