لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گومتی صفائی مہم کے تحت گومتی کو صاف کرنے کے شروعاتی دور نے تیزی پکڑ لی ہے۔ کڑیا گھاٹ سے گومتی بیراج تک مشینوں کو لگاکر کام شروع کر دیا گیا ہے لیکن ابھی افسران کے مطابق صفائی مہم کا ابتدائی مرحلہ ہے،اس مہم کو کامیاب بنانے میں بڑی سے بڑی مشینوں کی ضرورت پڑے گی اس کیلئے آبپاشی محکمہ کے ذریعہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ذاتی ذرائع کے مطابق صفائی مہم کے پلاننگ اسٹیج میں سروے چل رہا ہے اس کے ساتھ ہی پلاننگ ڈیزائن تیار کی جا رہی ہے، صفائی مہم کے پہلے مرحلہ میں ان تمام کاموں کو پورا کرنے کے بعد کاموں میں تیزی پکڑوانے کی تیاری چل رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ جاتی افسران کے مطابق یہ بہت ہی مشکل کام ہے۔ اس وجہ سے ہمیں رڑکی اور بامبے انجینئرنگ تنظیموں سے مدد لینی پڑے گی۔اس کیلئے محکمہ دونوں تنظیموں سے سمجھوتہ کرے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ محکمہ کی جانب سے گومتی صفائی کیلئے تین بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلا حصہ کڑیا گھاٹ علاقہ میں، دوسرا لکھنؤ بلاک -۲ لکشمن میلہ علاقہ، تیسرا نشاط گنج سے ہنومان سیتو تک تقسیم کیا گیا ہے۔ ان تمام بلاکوں کے کاموں کی دیکھ بھال کیلئے متعلقہ بلاک افسروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
محکمہ جاتی ماہرین کے مطابق گومتی صفائی کا کام بیحد مشکل ہے اسے کسی تنہا محکمہ کے ذریعہ انجام نہیں دیا جا سکتا ہے ان کے مطابق کام کو پورا کرنے کیلئے اٹھارہ ماہ کا وقت دیا گیا ہے ایسے میں اس کام کو پورا کرنے کیلئے کئی کمپنیوں سے سمجھوتہ ہونے کی امید ہے۔ ان کے مطابق صفائی کے کام کو عام مشینوں سے نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ایسے حالات میں محکمہ کا جس کمپنی سے معاہدہ ہوگا اس پر ٹریزر اور ایگزی ویٹر مشینوں کو منگانے کا دباؤ بنایا جائے گا۔ ایک افسر کے مطابق یہ ایسی مشینیں ہوتی ہیں جوپانی میں رہتے ہوئے صفائی کے کام کو پوری طرح سے کر سکتی ہیں۔ افسران کے مطابق پلاننگ اسٹیج سروے اور ڈیزائن تیار کئے جانے سے قبل ہمیں گومتی صفائی کے ابتدائی مرحلہ میں صفائی کے کاموں کو تقریباً چالیس فیصد تک پورا کر لینا ہے اس کیلئے کڑیا گھاٹ، لکشمن میلہ، بھینسا کنڈ سمیت کئی دیگر مزید بیراجوں پر مشینوں کو لگاکر کام کرایا جا رہا ہے۔
کڑیا گھاٹ پر تعینات اسسٹنٹ انجینئر کے مطابق یہاں پر صفائی کے کام کو تقریباً پوراکر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں ایک ٹیلہ ہے جسے کاٹنے کا کام کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ یہاں پر مڈ لفٹر مشین سمیت دیگر مشینوں سے کام کرایا جا رہا ہے۔ کڑیا گھاٹ کے ساتھ ہی گومتی کنارے ڈالی گنج پل، لکشمن میلہ، شہید اسمارک سمیت کئی دیگر مقامات پر ندی کنارے جے سی بی اور دیگر مشینوں کو لگاکر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں پر بنے ۱۱۵ میٹر طویل غیر مستقل باندھ کو جون تک بنائے رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔