لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ دو شنبہ کو دوستوں کے ساتھ گومتی ندی میں پیپے والے پل میں نہانے کیلئے گئے تھے۔ نہاتے وقت دو نوجوان اچانک گہرے پانی میں چلے گئے جس کے سبب دونوں کی موت ہو گئی۔ غوطہ خوروں نے کسی طرح دونوں لاشوں کو ندی سے باہر نکال لیا۔ حادثہ کے وقت موجود ان کے ساتھیوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن نہیں بچا سکے۔
تالکٹورہ کے لکشمن وہا رراجہ جی پورم کے ۱۸ سالہ مینک شریواستو، کمیپویل روڈ کے وبھانشو مشرا، ٹھاکر گنج کا ۱۸ سالہ پیوش کانت ورما اور سدھانت شکلا ایل پی ایس راجہ جی پورم انٹر کالج کے طالب علم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دو شنبہ دوپہر ایک بجے چار دوست ایک ساتھ مڑیاؤں واقع پیپے والے پل کے پاس نہانے گئے تھے۔ نہانے کے دوران مینک اور پیوش گہرے پانی میں چلے گئے اور اچانک ڈوبنے لگے۔
مینک اور پیوش کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر وینھانشو اور سدھانت نے انہیں بچانے کی
کوشش کی پر بچا نہیں سکے اور دونوں گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ ساتھیوں کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر ویبھانشو اور سدھانت نے شور مچایا جسے سن کر آس پاس کے لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی موقع پر ٹھاکر گنج اور مڑیاؤں پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے کسی طرح غوطہ خوروں کی مدد سے دونوں لاشوں کو ندی سے باہر نکالا اور اطلاع گھر والوں کو دی۔ مینک اور پیوش کی موت کی اطلاع ملنے پر گھر والے موقع پر پہنچے اور دونوں لاشوں کی شناخت کی ۔ تفتیش کے بعد پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔حادثہ میں ہلاک ایک نوجوان کے والد کے جی ایم یو کے وائس چانسلر کے پی ایس ہیں ۔