لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مہا نگر علاقہ میں گومتی ندی میں نشاط گنج پل کے نیچے ایک سر کٹی لاش ملی ہے جس کی اطلاع سے علاقہ میں افرا تفری مچ گئی۔ پل کے نزدیک سے گزر رہے لوگوں نے جیسے ہی لاش کودیکھا تو فوراً اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس لاش کی شناخت نہیں کر سکی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق میٹرو سٹی نیو بابا کا پوروا کے باشندے رام بلی پرساد کسی کام سے حضرت گنج جا رہے تھے۔ دن میں تقریباً ایک بجے نشاط گنج پل کے نیچے کتوں کا جھنڈ کسی کی لا ش کو نوچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ دیکھ کر رام بلی کے ہوش اڑ گئے۔ موقع پر جاکر دیکھا تو لاش ایک لڑکے کی تھی جس کا سر نہیں تھا جبکہ پورا جسم ندی کے کنارے جھونپڑی میں پھنسا ہوا تھا۔ یہ اطلاع ملتے ہی علاقہ میں سنسی پھیل گئی۔ فوری اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے لاش کی شناخت کرنے کی کوشش کی جس میں اسے کامیابی نہیں ملی۔
لاش کا سر نہ ہونے کے سبب پولیس اس کی شناخت نہیںکر پائی۔ پولیس کے مطابق لڑکے کا قتل کر کے اس کی لاش کوندی میں پھینک دیا گیا تھا جو کہیں سے بہہ کر آئی ہے اس کی عمر تقریباً ۲۵ سے ۳۰ برس کی ہے۔ اس نے کالے رنگ کی شرٹ اور پینٹ پہنی ہوئی ہے۔