لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ، چھوٹی آبپاشی اور آبی وسائل شیو پال سنگھ یادو نے آج کہاکہ آبپاشی محکمہ لکھنؤ میں گومتی ندی میں نشانزد مقامات پر ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کرائے گا۔ اس کیلئے منصوبہ تیار کرکے کارروائی کی جا رہی ہے اس میں گومتی ندی کے تقریباً ۲۹ کلو میٹر حصہ میں ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ ہو سکے گا اس سے مہا نگر میں گومتی ندی میں پورے برس ایک مناسب گہرائی میں آبی ذخیرہ بنا رہ سکے گا۔ ریاست کے چیف سکریٹری آبپاشی دیپک سنگھل نے بتایا کہ وزیر آبپاشی کی ہدایت پر چیف سکریٹری آلوک رنجن اور چیف سکریٹری آبپاشی و محکمہ
آبی وسائل، چیف انجینئر محکمہ آبپاشی اور دیگر افسروں کے درمیان ہوئی بات چیت میں منصوبہ تیار کر کے پہلے مرحلہ میں ہرڈننگ برج سے ویئر تک ڈائفرام وال کی تعمیر کرکے گومتی ندی کو چینلائز کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ مسٹرسنگھل نے بتایا کہ بھینسا کنڈ کے نزدیک اپ اسٹریم میں بیراج کے پانی کی ایک سطح بنائی رکھی جاتی ہے۔ ندی کے اس حصہ میں گزشتہ تیس برس میں کبھی صفائی نہیں کرائی گئی ہے جس سے پانی کافی گندہ ہو گیا ہے جس کی صفائی کرانا لازمی ہے۔ اسی مقصد سے گئو گھاٹ کے نیچے ایک غیر مستقل بندھا بنائے جانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بندھے کی تعمیر کے بعد بیراج کے گیٹوں کو کھول کر گومتی ندی کا پانی فلش کر کے نکالا جائے گا جس سے ندی کی خود صفائی ہو سکے اس کے بعد ندی کا کام جدید آلات، مشینری ڈیوزر، اوکلینڈ وغیرہ سے کرائے جانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ گومتی ندی کے بیراج کے اوپر صفائی کا کام اس سے پہلے کبھی نہیں ہو سکا ہے۔ وزیر محکمہ آبپاشی شیو پال سنگھ یادو کی رہنمائی میں یہ کام پہلی مرتبہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گومتی صفائی معائنہ کے دوران سکریٹری آبپاشی ایم پی اگروال، چیف انجینئر ، آنند موہن، چیف سکریٹری شاردا معاون گلیش چندر گرگ، سپرنٹنڈنگ انجینئر شیو منگل یادو، ایگزیکٹیو انجینئر روپ سنگھ یادو، اے سی ایم دوم لکھنؤ ایس کے مشرا و دیگر افسران موجود تھے۔