لکھنؤ(نامہ نگار)گومتی نگر علاقہ میں رہنے والے ایک ٹائیلس ٹھیکیدار کے گھر میں گھس کر دن دہاڑے ایک بدمعاش نے لوٹ مار کی۔ گھر میں موجود ٹھیکیدار کی بیوی نے مخالفت کی تو بدمعاش نے ان کے سر پر سل بٹے سے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ دیر رات پولیس نے ٹائیلس ٹھیکیدار کے ساتھ کام کرنے والے دوافراددھیرج اور راجو
کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ گومتی نگر پاور ہاؤس سیکٹر۶توسیع میں ای ڈبلیو ایس مکان نمبر ۳۳۲/۳ میں ٹائیلس ٹھیکیداررشی دیو کمار اپنی بیوی ۲۸سالہ پونم اور تین بچوں راج ویر، ۴سالہ انش اور دو سالہ مسکان کے ساتھ رہتے ہیں۔ راج ویر اورانش کھرگا پور واقع جے پی ایس اسکول میں پڑھتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ روز کی طرح آج صبح رشی دیو اپنے کام پر چلے گئے۔ جبکہ دونوں بچے اسکول گئے ہوئے تھے۔ گھر پر پونم اور اس کی دوسالہ بیٹی مسکان موجود تھی۔ دوپہر تقریباً ۱۲بجے ایک شخص ٹھیکیدار کے گھر پہنچا۔ ٹھیکیدار کی بیوی نے اس کو گھر کے اندر بلا لیا۔ کچھ دیر کے بعد دودھ والا آیا اور پونم نے دودھ لینے کے بعد چائے بنائی۔ گھر میں آئے شخص کو پونم نے چائے بنا کر دی جس کے بعد مذکورہ شخص نے گھر میں لوٹ مار کرنے کی کوشش کی۔ پونم نے اس بات کی مخالفت کی تو بدمعاش نے پونم کے سر پر سل بٹے سے حملہ کر کے شدید طور پر زخمی کر دیا۔
واردات کے بعد ملزم ایک اٹیچی لوٹ کر فرار ہو گیا۔ کچھ دیر کے بعد جب ٹھیکیدار کا چھوٹا بیٹا انش اسکول سے واپس گھر آیا تو گھر کا دروازہ کھلا تھا انش جیسے ہی اندر پہنچا تو دیکھا کہ ماں پونم لہو لہان بیہوش پڑی ہے۔ ماں کو اس حالت میں دیکھ کر دونوں بچوں نے مدد کیلئے شور مچایا۔ شور ہوتے ہی مقامی لوگ جمع ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے واردات کی اطلاع ٹائیلس ٹھیکیدار اور پولیس کو دی۔ اطلاع پا کر موقع پر ٹھیکیدار اور گومتی نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔ ٹھیکیدار نے زخمی پونم کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔ وہیں تفتیش کیلئے گومتی نگر پولیس نے ڈاگ اسکوائیڈ اور فنگر پرنٹ دستے کو بھی بلا لیا۔ گومتی نگر پولیس نے اس معاملہ میں لوٹ کی رپورٹ بھی درج کر لی ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو باورچی خانہ میں ہی خون سے لیس سل بٹا بھی ملا۔ ٹائیلس ٹھیکیدار کے گھر ہوئی لوٹ اوربیوی پر جان لیوا حملہ کے معاملہ میں پولیس لوٹ کی واردات کے ساتھ ہی رنجش کی بات کو لے کر تفتیش کر رہی ہے۔
ٹائیلس ٹھیکیدار نے پولیس کو بتایا کہ اس نے کچھ ماہ قبل مکان کو قسطوں پر خریداتھا۔ لوٹی گئی اٹیچی میں ۵۰ہزار روپئے نقد اور کچھ زیورات کے ساتھ مکان کے کاغذات بھی رکھے ہوئے تھے۔رشی دیو کے گھر کے سامنے جنرل اسٹور کی دکان کرنے والی ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ دوپہر کے وقت ایک شخص آیا تھا ۔پولیس مقامی لوگوں اور ٹھیکیدار کے گھر میں آنے جانے والے لوگوں کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے۔
گومتی نگر میں ۱۶جنوری کو بھی ہوئی تھی ایسی ہی واردات
ٹائیلس کاروباری رشی دیو کے گھر ہوئی واردات کی طرح ہی ۱۶جنوری کی شام وشال کھنڈ کے رہنے والے سبکدوش انجینئر مہیش کے گھر بھی ایسی ہی واردات ہوئی تھی۔ فی الحال مذکورہ معاملہ کا ابھی تک راز فاش نہیں ہو سکا ہے۔ ۱۶جنوری کو وشال کھنڈ میں رہنے والے سبکدوش انجینئر مہیش کے گھر بھی اسی طرح کچھ بدمعاش گھس گئے تھے۔ بدمعاشوں نے انجینئر کی بیوی پریتی کو دھار دار اسلحے سے حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔ اتفاق کی بات یہ رہی کہ بدمعاش سبکدوش انجینئر کے گھر کچھ لوٹ کر نہیں لے جا سکے تھے۔ مذکورہ معاملہ کی تفتیش کے دوران پولیس کا شک سبکدوش انجینئر کے قریبیوں پر ہے۔