لکھنو۔(نامہ نگار)تالکٹورہ کے راجاجی پورم علاقے میں گٹکا کاروباری کیلاش ناتھ پٹیل کے گھر میں لوٹ کی واردات کے معاملے میں پولیس ابھی تک کسی بھی نتیجہ پر نہیںپہنچی ہے۔ پولیس لیٹروں کو گرفتار کرنے کیلئے علاقے میں موبائل کی دکانوں پر جاکر مشتبہ موبائل نمبر کی تحقیقات کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس منشی راج بہاری کے قریبی لوگوں کے بارے میں بھی معلومات کررہی ہے۔اس کے علاوہ اندرا نگر میں سبکدوش ایچ ایل افسر کی بیوی کے ساتھ لوٹ کے معاملے میںبھی پولیس کو ناکامی حاصل ہوئی ہے۔ جبکہ زخمی افسر کی بیوی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ انہوں نے پولیس کو بدمعاشوں کی موٹر سائیکل اور ان کے حلیہ کے بارے میں اہم معلومات دی ہے۔ اس کے علاوہ اٹونجہ علاقے میں موبائل کاروباری سے لوٹ کے معاملے میں بھی پولیس لٹیروں کا سراغ نہیں لگا سکی۔ سی ۔او بازار کھالہ راج کمار اگروال نے بتایا کہ گٹکا کاروباری کیلاش کے گھر لوٹ کی واردات کے معاملے میں پولیس واردات سے قبل استعمال کئے جانے والے موبائل نمبر کی تفتیش کررہی ہے ۔ پولیس نے بی ٹی ایس علاقے میں موبائل کی دکانوں سے سیکڑوں موبائل نمبر کی فہرست نکالی ہے۔
پولیس مذکورہ فہرست کے ذریعہ مذکورہ نمبر کے بارے میں معلومات کررہی ہے۔ پولیس حکام کا خی
ال ہے کہ بدمعاشوں کو منشی راج بہاری کے آنے کا وقت معلوم تھا۔ اس لئے انہوںنے واردات کو انجام دینے کا وقت وہی منتخب کیا۔ جب راج بہاری کاروباری کے گھر جاتا ہے۔ پولیس راج بہاری کے شناساؤں کے بارے میں تفتیش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کی صبح راجا جی پورم سیکٹر میں ہرسنگار گٹکا کاروباری کیلاش ناتھ پٹیل کے مکان میں بدمعاشوں نے لوٹ کی واردات کو انجام دیا تھا۔ بدمعاشوں نے ان کے منشی راج بہاری کویرغمال بناکر مکان میں رہنے والے کیلاش کے رشتہ دار آدرش کے کمرے سے نقد رقم وزیورات لوٹے تھے۔ دوسری جانب اندرانگرسیکٹر ۹کے باشندے ایچ ایل کے سبکدوش افسر کی بیوی میناکشی کو گولی مارکر زنجیر لوٹنے والے بدمعاشوں کا بھی پولیس سراغ لگانے میں ناکامیاب ثابت ہوگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کی تفتیش میں صرف اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ بدمعاش سیاہ رنگ کی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ پولیس نے زخمی میناکشی سے بدمعاشوں کا حلیہ معلوم کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کا خیال ہے کہ میناکشی کو پیشہ ور بدمعاشوں کی فوٹو دکھائی جائے گی۔ میناکشی کا ٹراما سینٹر میں علاج کیا جارہا ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ بدمعاش میناکشی کا منشی پلیا سے پیچھا کررہے تھے اور گھر پہنچنے کے بعد میناکشی سے زنجیر چھیننے کی کوشش کی ۔ مخالفت کرنے پربدمعاشوں نے میناکشی کو گولی مار دی تھی۔