لکھنؤ(نامہ نگار)گڑمبا علاقہ میں بی ٹیک کے ایک طالب علم کوپُر اسرار حالت میں گولی لگ گئی۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسلحہ سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر گولی چل گئی اور دیوار سے ٹکرا گئی طالب علم کے پیٹ میں لگی۔ فی الحال پولیس نے اسلحہ کو ضبط کر کے جائے واردات والے کمرے کو سیل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک متوفی کے والد نے کسی کے خلاف کوئی تحریر نہیں دی
ہے۔
موصول اطلاع کے مطابق گڑمبا کے آدرش نگر کلیان پور میں رہنے والے پی کے رائے نیوی سے سبکدوش افسر ہیں۔ وہ اپنی بیوی نیلم، بیٹا انشو اوربیٹی انکی کے ساتھ رہتے ہیں۔ انشوسیتاپور روڈ واقع بی این سٹی آف انسٹی ٹیوٹ میں بی ٹیک آخری سال کا طالب علم تھا۔ انشو دوپہر کی رات تقریباً ۹بجے ماں نیلم کو چھوڑنے بادشاہ نگر ریلوے اسٹیشن گیا تھا۔ نیلم ایک شادی کی تقریب میں ضلع مئو جا رہی تھی۔ رات گیارہ بجے انشو ماںکو اسٹیشن چھوڑنے کے بعد گھر کے سامنے ہی رہنے والے دوست آنند سنگھ کے گھر چلا گیا۔ آنند سنگھ بھی ایم ٹیک کا طالب علم ہے جبکہ اس کے والد آر بی سنگھ گورکھپور کے مہاراج گنج میں ایل آئی یو میںانسپکٹر ہیں۔ رات تقریباً دو بج رہے تھے کہ آنند سنگھ کے مکان کی پہلی منزل پر اس کے والد آر بی سنگھ کی لائسنسی رائفل سے گولی چل گئی۔ گولی انشو کے پیٹ میں لگی۔
بتایاجارہا ہے کہ گولی لگتے ہی انشو وہیں پر گر گیا اورخون کے چھینٹے فرش کے علاوہ دیوار پر بھی لگے۔ گولی لگتے ہی آنند نے انشو کے والد پی کے رائے کو اطلاع دی اور اسے لے کر جگرانی اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے اسے بھرتی کرنے سے منع کر دیا اس کے بعد اسے وویکا نند لے جایاگیا لیکن نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے سہارا اسپتال بھیج دیا گیا وہاںبھی علاج نہ ہوپانے کے بعد انشو کو کمانڈ اسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے منگل کی صبح دم توڑ دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے واردات پر تفتیش کی گئی ہے۔ ابتدا ء میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رائفل سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے دوران گولی چلی اور دیوار میں ٹکرا کر گولی انشو کے پیٹ میں دھنس گئی جس سے اس کی موت ہوئی ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق اسپتال میں اس بات کا ذکر تھا کہ گولی انشو کے پیٹ میں سٹا کر ماری گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے کو سیل کر دیاگیا ہے اور رائفل کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ انشو کے والد نے ابھی تک کسی پر شک نہیں ظاہر کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر انشو کے والد کسی پر الزام عائد کریںگے تو اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پولیس نے بتایا کہ معاملہ کی اندرونی طور پر تفتیش کی جا رہی ہے۔