عکرہ: افریقی ملک گھانا کی حکومت نے رشوت لینے کے الزام میں ہائی کورٹ کے 12 ججوں کو معطل کر دیا ہے ۔
گھانا میں ایک صحافی نے ایک دستاویزی فلم بنائی ہے جس میں ججوں کو بچولیوں سے پیسہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ دستاویزی فلم کے جاری ہونے کے بعد لوگوں میں پھیلے غم و غصہ کے پیش نظر ہائی کورٹ کے ججوں کو معطل کیا گیا ہے ۔ افریقہ کا یہ ملک غیر جانبدارانہ فیصلے ،صاف و شفاف و منصفانہ عدلیہ کے لئے جانا جاتا ہے ۔ لیکن اس دستاویزی فلم نے چیف جسٹس جارجیائی ووڈ اور عدلیہ سے وابستہ لوگوں پر سخت قدم اٹھانے کا دبا¶ بنا دیا۔جیوڈیشیل کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پہلی نظر میں ان لوگوں کے خلاف رشوت لینے کے الزامات صحیح نظر آرہے ہیں اور اس وجہ سے انہیں معطل کیا جاتا ہے ۔ اس سے پہلے کونسل نے عدلیہ کو بدنام کرنے کی حرکت کے پاداش میں 22 جونیئر ججوں کو بھی معطل کردیا تھا۔