چندولی ۔ (نامہ نگار) ۔ مغل سرائے کوتوالی حلقہ کے تحت چنداسی واقع کرشنا نگر کالونی میں گزشتہ رات چار ڈاکوؤں نے ایک گھر میں دھاوا بول کر جہاں ایک جانب دو افرادکی جم کر پٹائی کی تو وہیں دس ہزار روپئے نقد اور سونے چاندی کے ایک لاکھ سے زائد کے زیورات لوٹ کر فرارہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ڈاگ اسکواڈ کے
ساتھ موقع پر پہنچی۔ ضلع کے چاہنیا ترقیاتی بلاک کے رہنے والے چالیس سالہ رادھے شیام فوجی ہیں اور دہلی میں تعینات ہیں۔ رادھے شیام چنداسی کے نزدیک کرشنا نگر کالونی میں مکان تعمیر کراکر اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ واردات کی شب ایک پروگرام میں شامل ہونے کیلئے ان کی بیوی شکنتلا گئی تھیں جبک دیگر لوگ گھر میں تھے۔ اسی درمیان دیر رات ڈاکو دیوار پھاند کر گھر میں گھس گئے اور مین دروازہ توڑ کر اندر سے سٹکنی بند کر لی۔ مخالفت کرنے پر کنبہ کے دو افراد کو مار پیٹ کر زخمی کر دیا۔ دوڈاکو انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دے کر کھڑے رہے اور بقیہ دو بدمعاشوں نے سبھی کمروں میں رکھے بکسوں ، اٹیچی و دیگر سامان کو کھنگالا۔ اس کے بعد زیورات و دس ہزار روپئے نقد لیکر پشت کے راستے سے فرار ہو گئے۔ زخمی وجے تقریباً ۱۵۰ میٹر دور چنداسی پکیٹ پر گیا لیکن وہاں کوئی نہیں ملا۔ اس کے بعد و ہ کسی طرح کوتوالی پہنچا اور واردات کے سلسلہ میں تحریر دی۔ اس کے بعد کوتوالی پولیس ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی اور جانچ شروع کر دی۔ متاثر کے مطابق ڈاکو سونے چاندی کے زیورات، دس ہزار روپئے نقد و دیگر سامان اٹھا لے گئے ہیں۔ اس پر ایس پی منی راج نے بتایا کہ کالونی میں ہوئی ڈکیتی کی واردات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ اس کیلئے ٹیمیں تشکیل کی گئی ہیں جلد ہی ڈاکو پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔