لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔چیف سکریٹری آلوک رنجن نے آج کہاکہ خواتین کے ساتھ جہیز ، استحصال ، گھریلو تشدد اور جنسی استحصال جیسی واردات اور چھوٹے موٹے گھریلو تنازعوں کو پولیس تھانوں کی سطح پر خصوصی کیمپ منعقد کر کے حل کرانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ان کیمپوں میں خواتین استحصال و گھریلو تنازعوں سے متعلق شکایتوںکو سن کر بات چیت کے ذریعہ ان کا تصفیہ کرایا جائے۔
چیف سکریٹری نے یہ ہدایت تمام ضلع مجسٹریٹوں اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو خط بھیج کر دی۔ کانپورمیں منعقد یوم خصوصی سنوائی (خواتین یوم تصفیہ) میں تقریباً ۴۰۸ شکایتوںکا تصفیہ کرایا گیا۔ کانپورمیں خصوصی یوم سنوائی میں خواتین سے جڑے معاملوں پر مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواتین کی شکایتوں کے تصفیہ کیلئے ضلع کے دیہی علاقوں کے ہر تھانہ سطح اور
شہری علاقوں کیلئے پولیس لائن میں ’شکتی‘، یوم خصوصی سنوائی ، خاتون یوم تصفیہ منعقد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے اہتمام سے قبل متاثرہ خواتین کو کیمپ میں لانے کیلئے گاؤں پردھانوں کو پمفلٹ شائع کراکر تھانہ انچارجوں اور لیکھ پالوں کے ذریعہ مہیا کراتے ہوئے اخباروں کے ذریعہ تشہیر کرائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یوم خصوصی سنوائی کی مہریں بناکر ہر تھانے و ایس ڈی ایم کو مہیا کرائی جائے۔ جن کا استعمال درخواستوں کی سنوائی کے وقت کیا جائے۔