گزشتہ کئی ماہ سے سلنڈر نہ ملنے سے صارفین میںپائی جارہی ہے ناراضگی
گورکھپور:طویل عرصہ سے جاری گھریلو گیس کی قلت پر صارفین کو غصہ ظاہر ہونے لگاہے ۔ آج صبح بخشی پور واقع کالندی گیس ایجنسی پر پہنچے لوگوںکو جب بتایاگیا کہ سلنڈر نہیں آیاہے تو ناراض صارفین نے سڑک جام کرکے مظاہرہ شروع کردیا۔ ہنگامہ کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے کسی طرح سمجھا بجھاکر خاموش کرایا۔ یہ واقعہ بھلے ہی ایک گیس ایجنسی کا ہو لیکن ضلع کی تقریباً تمام ایجنسیوں پر یہ عام بات ہوچکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہنگامہ سے بچنے کےلئے کئی ایجنسی منتظمین نے گودام کا تالا کھولنا ہی بند کردیاہے ۔
کچھ ایجنسیوںپر تو باقاعدہ نوٹس چسپاں کردیاگیاہے کہ بدھ کے بعد ہی سلنڈر مل پائے گا ۔ انڈین آئل کے افسر اس کی وجہ کبھی کانوریوںکی یاترا بتارہے تو کبھی اچانک مانگ میں اضافہ ۔ ان کا کہناہے کہ کئی جگہوں پر راستے بند ہونے کی وجہ سے ایجنسی تک سلنڈر لدے ٹرک نہیں پہنچ پارہے ہیں۔ تذکرہ ہے کہ آئل کمپنی کے افسران سے ان ایجنسیوں کے تعلقات بہتر ہیں ۔ سبب چاہے جو بھی ہولیکن سلنڈر کی قلت سے پریشان صارفین کے غصہ میں اضافہ ہونا شروع ہوگیاہے ۔