لکھنؤ۔(نامہ نگار)ٹھاکر گنج علاقہ میں پراپرٹی ڈیلر کا قتل کردیا گیا ۔پراپرٹی ڈیلر کی خون آلود لاش ریلوے لائن پر پڑی ہوئی ملی۔ اس معاملے میں اس کے گھر والوںنے قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نے فی الحال اس معاملے میں تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس او ٹھاکر گنج سمر بہادر نے بتایا کہ ٹھاکر گنج کے اہر کھیڑا کے رہنے والے چندر موہن یادو اپنے کنبے کے ساتھ رہتے ہیں ۔ ان کا چھوٹا بیٹا ۲۷؍سالہ شتروہن یادو اپنے بھائی کے ساتھ رنگ روڈ بھنور پور کے پاس پراپرٹی ڈیلنگ کا کام کرتا تھا۔ سائڈ کے پاس ہی ان لوگوں نے اپنا ایک دفتر بنا رکھا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شتروہن سنیچر کے روز اپنے بھائی کے دوست چندر کی موٹر سائیکل لے کر سائیڈ پر گیا تھا اس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگیا ۔کنبہ کے لوگوں نے اسکی بہت تلاش کی لیکن کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ اتوار کی صبح کنبے کے لوگ اس کو تلاش کرتے ہوئے سائیڈ کے پاس پہنچے تو دفتر سے کچھ ہی دوری پر شتروہن کی بائیک ریلوے لائن کے پاس کھڑی ملی اور نزدیک ہی اس کی خون آلود لاش پڑی تھی۔ جسم پر چوٹ کے گہرے نشان ظاہر ہورہے تھے۔ کنبے کے لوگوں نے اس کی اطلاع فوراً پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے شتروہن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اس معاملے میں اس کے والد اور کنبے کے دیگر لوگوں نے قتل کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے نامعلوم افراد کے
خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔