ہاپوڑ (نامہ نگار) ضلع کے تھانہ ہاپوڑ دیہی علاقہ کے گاؤں کاٹھی کھیڑا میں چاردن قبل دن دہاڑے چارنوجوانوں نے گھر میں گھس کر اجتماعی آبروریزی کرنے کے بعد جان مارنے کی دھمکی دیکر فرار ہوگیا۔
پولیس نے لڑکی کو طبی معائنہ کے لئے اسپتال میں بھرتی کرادیاجہاں اس کی اجتماعی آبروریزی کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس نے معاملے کو چارد ن تک دبائے رکھا ۔ اعلیٰ افسران کا دباؤپڑنے کے بعد چاروں نوجوانوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرکے ان کی تلاش کی جارہی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق تھانہ دیہی حلقہ کے گاؤں کاٹھی کھیڑا میں کنو (فرضی نام)اپنے بچوں کے ساتھ رہتاہے۔ چاردن قبل وہ کسی کام سے گھر سے باہر گیا ۔گھر میں لڑکی رومالی (فرضی نام)اور اس کی ماں اکیلی تھیں۔ دن دہاڑے گاؤں کے رہنے والے چار نوجوان دھرمیندر،اپکار ،اروند اور کرن اس کے گھر میں گھس گئے۔ چاروں نوجوانوں نے رومالی کو اکیلا پاکر اس کی اجتماعی عصمت
دری کی اور اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے کر گھر سے فرار ہوگئے۔ بتایا جاتاہے کہ متاثرہ لڑکی کو لیکر تھانہ گئے تو وہاں پر تعینات پولیس ملازم نے اسے بھگا دیا۔ چار دن بعد معاملہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کے سامنے آیا اور افسران کے دباؤ پڑنے پر پولیس نے متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ کرایا تو اس میں اجتماعی آبروریزی کی تصدیق ہوئی ۔ متاثرہ کے والد کے ذریعہ دی گئی تحریر پر پولیس نے گاؤں کے رہنے والے چاروں ملزمین کے خلاف اجتماعی آبروریزی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ اس سلسلہ میں تھانہ دیہات افسر اویناش گوتم نے بتایا کہ اس معاملے میں ملوث گاؤں کے چار نوجوان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کرنے کے لئے پولیس چھاپہ ماررہی ہے۔