فیض آباد(ایجنسی)اجودھیا کوتوالی کے شیرگنج محلے کے رہنے والے ایک نوجوان کی لاش گزشتہ صبح اس کے گھر میں پھانسی کے پھندے سے لٹکتی ہوئی م
لی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی کوتوالی پولیس نے لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ موت کی وجہ ابھی نہیں معلوم ہوسکی ہے۔اجودھیاکوتوالی کے نزدیک پھل کی دکان چلانے والے ۲۷؍سالہ ونود کمار سون کر تھانہ حلقہ کے ہی شیر گنج محلے میں اپنے کنبے کے ساتھ رہتاتھا۔ کنبے میں ماں باپ کے علاوہ چھ بھائی اوردوبہنیں ہیں۔ چھوٹے بھائی ببلو سونکر کے مطابق گزشتہ دنوں رات کو وہ بڑلا دھرم شالہ میں منعقدایک شادی کی تقریب میں گیا تھا۔رات میں واپس لوٹا اوراپنے کمرے میں سوگیا ۔ گزشتہ صبح جب وہ ونود کے کمرے کی طرف گیا اوردروازہ کھٹکھٹانے کے باوجودنہیں کھلا تو زبردستی دروازہ کھولا گیا ۔کمرے میں ونود کی لاش رسی سے لٹکتی ملی۔اس کے مطابق کنبے میں کوئی ایسی بات نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے ونود کو خود کشی کرنی پڑی ۔اجودھیاکوتوال ایچ این مشرا نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجوادیا گیا ہے۔