نئی دہلی: صدر کانگریس سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر گھمنڈ سے چور ہونے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ ناگا امن معاہدہ کرنے سے قبل اس نے شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کے وزراءاعلی کو اعتماد میں نہیں لیا۔محترمہ گاندھی نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرت انگیز ہے کہ معاہدے کے بارے میں وزیر اعظم نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں منی پور، آسام اور اروناچل پردیش کے وزرائے اعلی کو اعتماد میں نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس حکومت کے گھمنڈ کی ایک اور مثال ہے ۔ یہ ریاستیں اس معاہدہ سے براہ راست متاثر ہیں لیکن پھر بھی معاہدہ کے سلسلے میں ان کے وزراءاعلی کے ساتھ کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں کانگریس کی صدر نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ معاہدہ تاریخی ہو لیکن کیا ان ریاستوں کے وزراءاعلی کو اعتماس میں نہیں لیا جانا چاہئے تھا؟