لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اسٹیج سے مسلسل ایک ہی بات کا اعلان کیا جا رہا تھا کہ بس کچھ ہی دیر میں آپ کے درمیان سماج وادی پارٹی کے مرکزی صدر ملائم سنگھ یادو ہوں گے لیکن گھنٹوں انتظار کے بعد بھی ملائم سنگھ یادو نہیں آئے۔ ان کے پروگرام میں نہ آنے سے تاجروں کے چہروںپر مایوسی دکھی۔ موقع تھا اکھل بھارتیہ ادیوگ ویاپار منڈل کی جانب سے منعقد یوم تاجر کا ۔ پروگرام کا انعقاد عیش باغ واقع رام لیلا میدان میں کیا گیا تھا۔ ملائم سنگھ کے آنے کے اعلان سے حفاظت کو دھیان میں رکھتے ہوئے پروگرام کے مقام پر کثیر تعداد میں پولیس فورس موجود تھی لیکن جیسے ہی سماج وادی پارٹی صدر کے نہ آنے کی اطلاع پولیس والوں کو لگی سبھی وہاں سے غائب ہو گئے۔ یوم تاجر کو کامیاب بنانے کیلئے تاجروں نے کئی دن قبل سے ہی شہر بھر میں گاڑیوں کی ریلی نکال کر تاجروں کو پروگرام میں آنے کی دعوت دی تھی ساتھ ہی تاجروں کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پروگرام میں مہمان خصوصی مرکزی صدر ملائم سنگھ یادو شامل ہوں گے۔ ملائم سنگھ کے آنے کی خوشی میں تاجروں نے ۵۱ کلو کا ہار بنوایاتھا لیکن سماج وادی صدر کے آنے کا پروگرام ملتوی ہو گیا تو تاجروں نے وہی ہار اکھل بھارتیہ ادیوگ ویاپار منڈل کے صدر سندیپ بنسل کو پہنا دیا۔ یوم تاجر کے موقع پر راجدھانی کے الگ الگ علاقوںمیں بنے ویاپارمنڈل کے ۳۱ تاجروں کو تاجر بھوشن اعزاز سے سرفراز کیا جانا تھا۔ تاجروں نے سوچا تھا کہ اس اعزاز کے ساتھ ہی ان کی ملاقات سماج وادی پارٹی کے مرکزی صدر سے ہوجائے گی لیکن ان کے نہ آنے سے اعزاز پانے
والے تاجروں کو بھی اپنے ہی صدر سے اعزاز حاصل کرنا پڑا۔