نئی دہلی، 9 دسمبر (یو این آئی) راجیہ سبھا میں آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے ڈی راجا نے شری بھگو
ت گیتا کو قومی کتاب کا درجہ دینے کی مخالفت کی جبکہ ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برائن نے مشرقی دہلی میں ایک چرچ جلائے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
مسٹر راجا نے لنچ سے قبل اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہاکہ ہندستان کثرت میں وحدت کا ملک ہے۔ یہاں کئی زبانیں اور مذاہب ہیں جن کی اپنی اپنی خصوصیت
ہے۔
مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سیتا رام یچوری نے کہاکہ آئین سب کو برابری کا حق دیتا ہے۔ کانگریس کے دگ وجے سنگھ نے بھی گیتا کو قومی کتاب کا درجہ دینے سے متعلق بیان کی مخالفت کی۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر مختار عباس نقوی بھی کچھ کہتے سنے گئے۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ سشما سوراج نے گزشتہ دنوں گیتا کو قومی کتاب کا درجہ دینے سے متعلق بیان دیا تھا۔
مسٹر برائن نے وقفہ صفر کے دوران دہلی کے دلشاد گارڈن میں گزشتہ دنوں ایک چرچ میں آگ لگنے کے معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہاکہ چرچ میں مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی پیش آ رہے ہیں۔ بی جے ڈی کے دلیپ ٹرکی نے کہاکہ ایک سازش کے تحت چرچ کو نذر آتش کیا گیا۔