نئي دہلی: پڑوسی ملک میں ہندوستانی بچے کے بھٹکنے کی ایک دوسری کہانی روشنی میں آرہی ہے اور اس بار یہ کہانی ایک لڑکے کی ہے جس کو جنوبی بنگلہ دیش میں بھٹکتے ہوئے پایا گیا ہے ۔
سونو، جس کی عمر 12 سال ہے ، 2010 میں دہلی سے غائب ہوگیا تھا۔ اس کی کہانی بھی گیتا کی طرح ہے جس کو کئی برسوں تک پاکستان میں رہنے کے بعد ملک واپس لایا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج گیتا کے معاملے کی طرح سے ہندوستانی بچہ کو بنگلہ دیش سے واپس لاکر اہل خانہ سے ملانے کے معاملے میں بھی ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں۔ محترمہ سشما سوراج نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کہا کہ ” بنگلہ دیش میں ہمارے جوائنٹ سکریٹری سری پریا رنگا ناتھن نے محبوب اور ممتاز سے ملاقات کی ہے ، جن کا دعوی ہے کہ سونو ان کا بیٹا ہے ، جو فی الحال بنگلہ دیش میں ہے “۔ انہوں نے کہا کہ ” ڈھاکہ میں ہمارے ہائی کمیشن کے حکام جلد ہی جیسور کا دورہ کریں گے جہاں سونو کو ایک چلڈرن شیلٹر میں رکھا گیا ہے “۔ اس سلسلے میں جیسور سے ایک شخص نے مبینہ طورپر دہلی میں اس کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے سونو کا پتہ دیا تھا۔