لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ امین آباد مین سلنڈر سے ہوئے گیس اخراج کے سبب زبردست آگ لگ گئی۔ آگ میں لاکھوں روپئے کے قیمتی کپڑے اور ہزاروں نقد روپئے جل کر خاک ہو گئے۔ محلہ والوںکی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ اس معاملہ کی اطلاع فائر بریگیڈ افسران کو نہیں ہے۔ امین آباد کے پھول باغ میں اشوک ساڑیوں میں کڑھائی کا کام کرتے ہیں۔ اتوار کی شام سلنڈر سے ہوئے گیس اخراج کے سبب آگ لگ گئی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطرنک شکل اختیار کر لی۔ آگ کے شعلے کمرے میں رکھی ساڑیوں تک پہنچ گئی جس سے پورا کمرا آگ کے شعلوںمیں تبدیل ہو گیا۔ کمرے میں موجود کاریگر اپنی جان بچاکر باہر بھاگ کھڑے ہوئے۔ شورسن کر آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔لوگوںنے آگ کو بجھانا شروع کر دیا۔ پڑوسیوں کی مدد سے کچھ دیر میں آگ پر تو قابو پا لیا گیا لیکن تب تک بہت دیرہوچکی تھی۔ آگ کی زد میں آجانے سے قیمتی ساڑیاں جل کر خاک ہو گئیں۔ اشوک کے پاس تقریباً ۷۰ ہزار روپئے نقد تھے جو آگ میں جل کر خاکستر ہو گئے۔