لکھنؤ۔(نامہ نگار)ٹھاکر گنج حسین باڑی کا باشندہ اور گیتا گیس ایجنسی کے ملازم کی لاش پیر کی صبح اس کے گھر سے برآمد ہوئی۔ اس کے گلے میں انگوچھا بندھا ہوا تھا۔ پنکھے میں بھی انگوچھے کا ایک ٹکڑا زنجیر سے بندھا ہوا تھا۔ پولیس کا خیال ہے کہ ڈلیوری مین نے بیوی سے جھگڑے کے بعد پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ دوسری جانب قیصر باغ علاقے سے لاپتہ ایک نوجوان کی لاش پیر کی صبح بند پڑے ہوئے بیت الخلا کے پیچھے سے برآمد ہوئی ہے۔ اہل خانہ نے اسے قتل کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ۔ موصولہ خبر کے مطابق اناؤ کا باشندہ وجے عر ف پنکو (۳۶)ٹھاکر گنج کے برورا حسین باڑی علاقے میں انیس کے مکان میں کرائے پر رہتا تھا اور ٹھاکر گنج میں واقع گیتا گیس ایجنسی پر بطور ڈلیوری مین ملازمت کررہا تھا۔ پیر کی صبح جب وجے گیس ایجنسی پر نہیں پہونچا تو اسے فو ن کیا گیا لیکن اس نے فون نہیں اٹھایا۔ دیگر ملازمین نے اس کی اطلاع قریب میں رہنے والے وجے کے چچا شیو کمار کو دی ۔ شیو کمار اور دیگر لوگ جب وجے کے کمرے میں پہنچے تو اس کی لاش فرش پر پڑی ہوئی تھی اور گلے میں انگوچھے کا ٹکڑابندھا ہوا ت
ھا۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے تفتیش کی۔
اس دوران پولیس کو کمرے میں لگے ہوئے پنکھے سے انگوچھے کا ٹکڑا زنجیر کے سہارے لٹکتا ہوا ملا۔ پولیس نے وجے کی موت کو خودکشی بتایا ہے اور اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو اس بات کا بھی علم ہوا کہ وجے کا اپنی بیوی پونم سے کچھ عرصے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ پونم اپنے بچوں کے ساتھ مائیکے میں رہ رہی تھی۔ متوفی کے چچا نے بتایا کہ اتوار کی دیر رات وجے نشہ کی حالت میں گھر پہنچاتھا۔ صبح بیدار ہونے کے بعد وہ چائے پی کر اپنے کمرے میں چلاگیا تھا۔ دوسری جانب قیصر باغ سبزی منڈی کا باشندہ چھوٹو (۲۲) کانپور میں اپنے رشتہ دار کے یہاں رہتا تھا۔ اور اکثر لکھنؤ آتا رہتا تھا۔ سنیچر کو چھوٹو نے اپنے رشتہ دار سے کانپور جانے کی بات کی لیکن وہ کانپور نہیں پہنچا ۔کنبہ کے لوگوں کوجب یہ بات معلوم ہوئی تو انہوں نے چھوٹوکو تلاش کیا لیکن اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ کنبہ کے لوگوں نے چھوٹو کی گمشدگی کی رپورٹ قیصر باغ پولیس کو دی ۔ پیر کو سبزی منڈی کے پاس بیت الخلاء کے پیچھے چھوٹو کی لاش پڑی ہوئی ملی۔لاش کو دیکھ کر موقع پر لوگ جمع ہوگئے ،خبر کے ملنے کا بعد چھوٹو کا بھائی پپو بھی موقع پر پہنچا اور اس نے لاش کی شناخت چھوٹو کی طور پر کی۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد چھوٹوکے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ قیصر باغ پولیس نے بتایا کہ چھوٹو نشہ کا عادی تھا جبکہ اس کے کنبہ کے لوگوں نے قتل کا امکان ظاہر کیا۔