لکھنؤ(نامہ نگار)آج آخری دن ہے اگر آج بھی آپ نے گیس سبسڈی کا فارم اپنی گیس ایجنسی میں نہیں جمع کیا ہے تو آپ کو سبسڈی نہیں ملے گی اور اب آپ کو بازار ریٹ پر ہی گھریلو سلنڈر خریدنا پڑیںگے۔
راجدھانی کے کل گیارہ لاکھ صارفین نے تقریباً تین لاکھ سے زیادہ ایل پی جی صارفین کو ڈی بی ٹی ایل سے منسلک ہونے کی فکر ہی نہیں ہے۔ یہ صارفین اسکیم کے تحت اب تک ڈی بی ٹی ایل اسکیم سے منسلک نہیں ہو پائے ہیں۔ ایسے صارفین کو متعلقہ گیس ایجنسیوں کی جانب سے گذشتہ ایک ماہ سے مسلسل اطلاع بھی دی جا رہی ہے۔ ان کے سلنڈر کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے۔ یہ تب تک بند رہے گی جب تک وہ اسکیم سے منسلک نہیں ہوجاتے ہیں۔ انہیں سبسڈی کا فائدہ حاصل کرنے کیلئے ۳۰ جون تک فارم جمع کرنا ہوگا ایسا نہ کرنے پر انہیں بازار ریٹ پر ہی گھریلو گیس سلنڈر لینا پڑے گا۔ یا ان کا کنکشن بند بھی کیاجا سکتا ہے۔ گیس سبسڈی اسکیم نافذ کرتے وقت ہی صارفین کو مارچ تک کا موقع دیا گیا تھا اس کے بعد اگلے تین ماہ، اپریل، مئی اور جون گریس پیریڈ تھے۔ اب ۳۰جون تک جو صارف فارم نہیں بھرتے ہیں ان کی سبسڈی تو ختم ہو ہی جائے گی ساتھ ہی انہیں اب بازار ریٹ پر ہی گھریلو گیس سلنڈر ملے گا۔ یعنی انہیں سبسڈی اسکیم سے باہر کر دیاجائے گا۔
ڈی جی ایم انڈین آئل کارپوریشن پی کے جھا نے کہا کہ اب تک جو بھی صارف ڈی بی ٹی ایل کے تحت نہیں منسلک ہوئے ہیں اگر وہ۳۰جون تک اسکیم کے تحت اپنا فارم گیس ایجنسی میں جمع کر دیتے ہیں تو ان کے کھاتے میں اپریل، مئی اور جون تک کی سبسڈی ایک ساتھ پہنچ جائے گی لیکن جو صارف جون کے بعد اس اسکیم سے منسلک ہوتے ہیں انہیں اس کا فائدہ نہیں ملے گا۔