لکھنؤ:حسن گنج علاقہ میں جمعرات کی دوپہر اچانک گیس سلنڈر لیک ہونے کی وجہ سے آنگن باڑی کی ایک کارکن کے گھر میں آگ لگ گئی۔ جس سے موقع پر ہی جھلس کر اس کی موت ہو گئی۔
انسپکٹر حسن گنج ویر سنگھ نے بتایا کہ مدح گنج کے مکہ گنج میں ۰۴سالہ انیتا اپنے ایک بیٹے ۰۲سالہ راہل کے ساتھ رہتی تھی۔ انیتا کی اپنے شوہر سنیل سے کافی عرصہ قبل طلاق ہو گئی تھی۔ انیتا آنگن باڑی میں کام کرتی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ جمعرات کو دن میں تقریباً تین بجے اچانک گھر میں رکھے گیس سلنڈر سے گیس لیک ہونے سے آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔ آگ کی زد میں کمرہ میں موجود انیتا بھی آگئی۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر حسن گنج پولیس اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کسی طرح کمرہ کا دروازہ توڑ کر آگ بجھانا شروع کیا۔ وہیں آگ کی لپٹوں میں گھری انیتا کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور کمرہ میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ پولیس نے انیتا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت انیتا کا بیٹا راہل گھر میں موجود نہیں تھا۔