لکھنؤ(بیورو)مرکز کی یو پی اے حکومت کے ذریعہ عوام کو مہنگائی سے راحت دینے کیلئے ایک موثر قدم اٹھاتے ہوئے سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں زبردست کمی کئے جانے کے سلسلہ میں اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدرڈاکٹر نرمل کھتری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی ، وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اورمرکزی پیٹرولیم وزیر ویرپا موئلی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ سی این جی اور پی این جی میں کمی ہونے سے عوام کو مہنگائی سے نجات ملنے میں کافی راحت ملے گی۔ سی این جی کا استعمال زیادہ تر شعبہ ٹرانسپورٹ میں کیا جاتا ہے۔ قیمتوں میں زبردست کمی ہونے کے سبب آٹو و بس کے کرائے میں مسلسل اضافہ پر روک لگے گی اور کرائے میں بھی کمی ہو گی۔ جس سے عام آدمی کو کافی راحت ملے گی۔ اسی طرح کچھ دن قبل رعایت والے گیس سلنڈروں کی تعداد کو بڑھا کر ۹سے ۱۲کر کے راحت پہنچائی گئی ہے۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان وریندر مدان نے بتایا کہ ڈاکٹر کھتری سمیت اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اوراطلاعات سیل کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی، خازن ہریش باجپئی وغیرہ لیڈران نے بھی سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور مرکزی پیٹرولیم وزیر موئلی کا شکریہ ادا کیا۔