بنگلور۔چنئی سپرکنگس نے چمپئن لیگ ٹی 20 میں بھلے ہی کل رات یہاں ناشا ڈولفنس کے خلاف 54 رن کی آسان جیت درج کی ہو لیکن کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اشارہ دیا کہ اگر ٹیم کو ٹورنامنٹ کا خطاب جیتنا ہے تو اسے اپنی گیند بازی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔دھونی نے چنا سوامی اسٹیڈیم میں میچ کے بعد کہا کہ اگر آپ کو ٹورنامنٹ جیتنا ہے تو بہتر کارکردگی کرنا ہوگا۔
ہمارے بلے باز ہر بار 240 رنز نہیں بنائیں گے۔ سریش رینا نے 43 گیند میں 90 رن کی اننگ کھیلی جس سے چنئی کی ٹیم نے آسان جیت درج کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی اپنی امیدیں متحرک رکھی ہیں۔ سپرکنگس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 242 رن بنانے کے بعد ڈولفنس کو 20 اوور میں 188 رن پر روک دیا۔ دھونی نے کہا کہ ہم نے کافی اچھی بلے بازی کی۔وکٹ ایک جیسی رہی۔رینا اور میک کولم کو شاندار شروعات کا کریڈٹ جاتا ہے۔انہوں نے کہاہمارے گیندباز جوجھ رہے ہیں اور ایسے میں 15 سے 20 رن اضافی بنانا اہم ہوتا ہے۔
پہلے میچ میں کولکاتا نائٹ راڈرس کے ہاتھوں شکست کے بعد چنئی کی ٹیم کی یہ پہلی جیت ہے۔ مین آف دی میچ رینا نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی اسی تال میل کے ساتھ بلے بازی کر پائیں گے۔ انہوں نے کہاجب آپ کے پاس اسمتھ اور کولم جیسے بلے باز ہوتے ہیں اور اچھی شروعات ملتی ہے تو پھر آپ کو مثبت ہوکر کھیل سکتے ہو۔یہ ہمارے لئے اچھی شروعات ہے۔یہاں سے آگے بڑھنے کیلئے بیتاب ہیں۔ ڈولفنس کی ٹیم نے جب ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شاندار شروعات کی تو موہت شرما اور ڈیون براوو نے اسے جھٹکے دیئے۔ ڈولفنس کے کپتان مورنے وان وک نے کہا کہ براوو کے کھیل نے فرق پیدا کیا۔انہوں نے کہااس کے گیند بازی کیلئے آنے تک ہم میچ میں بنے ہوئے تھے۔اس نے مہارت کا شاندار نظارہ پیش کیا۔