بھوپال:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ھردا ضلع میں کل رات پیش آئے ریل حادثے کے متاثرین کے لئے راحت کاری اور بچا¶ کے لئے امداد ی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے آج یہاں اعلی سطحی ہنگامی میٹنگ کی۔
انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ امدادی کام جنگی سطح پر کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ زخمیوں کے علاج کو بھی یقینی بنانے کے لئے انتظامات کئے جانے کے احکامات جاری کئے ۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ریل حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو ریاستی حکومت ریلوے کی مدد کے علاوہ 2-2 لاکھ روپے فراہم کرے گی۔
ساتھ ہی حادثے میں سنگین زخمیوں کو 50 ہزار روپے اور دیگر زخمیوں کو 10 ہزار روپے کی مدد کی جائے گی۔میٹنگ میں وزیر داخلہ بابو لال گور، وزیر جنگلات ڈاکٹر گوری شنکر شیجوار، وزیر صحت نروتتم مشرا، وزیر خزانہ رام پال سنگھ بھی موجود تھے ۔میٹنگ کے فورا بعد وزیر اعلی مسٹر چوہان جائے حادثے کو اپنی نظر سے دیکھنے کے لیے روانہ ہوگئے ۔میٹنگ میں طے کیا گیا کہ امدادی کاموں کی نگرانی بھوپال سے وزیر داخلہ مسٹر گور اور وزیر خزانہ رام پال سنگھ کریں گے ۔ اسی طرح ھردا میں جنگلات کے ریاستی وزیرڈاکٹر شیجوار امدادی کاموں کی نگرانی کریں گے ۔