شملہ:ہماچل پردیش ہائی کورٹ نے آمدنی سے زائد اثاثہ کے معاملے میں وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ اوران کی بیوی کی گرفتاری پر آج روک لگا دی۔جسٹس راجیو شرما اور جسٹس سریشور ٹھاکر کی بینچ نے مسٹر سنگھ اور ان کی بیوی کی گرفتاری پر روک لگانے کا فیصلہ کیا۔تاہم انہوں نے کہا کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) معاملے کی تحقیقات جاری رکھے گی۔ عدالت نے مقدمہ کی اگلی سماعت کے لئے 19 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔عدالت نے کہا کہ سی بی آئی معاملے کی تفتیش جاری رکھے گی لیکن وہ وزیر اعلی اور ان کی بیوی کو گرفتار نہیں کرے گی اور اگر جانچ ایجنسی کو انہیں گرفتار کرنا ضروری لگا تو پہلے عدالت کو مطلع کرنا ہوگا۔مسٹر سنگھ کی طرف سے معاملے کی پیروی کر رہے سابق مرکزی وزیر اور سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت میں نصف گھنٹے سے زیادہ وقت تک جرح کی۔ وہ سی بی آئی کی جانب سے درج ایف آئی آر منسوخ کرنے اور مسٹر سنگھ کی گرفتاری پر روک لگانے کا مطالبہ کر رہے تھے جبکہ سی بی آئی کی طرف سے معاملے کی پیروی کر رہے سینئر وکیل اشوک کمار نے مسٹر سنگھ کی درخواست کی مخالفت کی۔خیال ر ہے کہ مسٹر سنگھ گرفتاری سے بچنے کے لئے کل ہائی کورٹ پہنچے تھے ۔ سی بی آئی نے گزشتہ 23 ستمبر کو آمدنی سے زائد اثاثہ کے معاملے میں 13 سے زیادہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کے بعد وزیر اعلی کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔