سنچورین: سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 20 رنز سے ہرا دیا ہے، اوپنر کے 124 رنز کی بدولت پروٹیز نے 7 وکٹ پر 304 کا مجموعہ ترتیب دیا، کیویز جوابی اننگز میں 284 پر ہمت ہار گئے۔ ٹام لیتھم کی ففٹی رائیگاں گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ نے سنچری سے فارم میں واپسی کا اعلان کیا، انھوں نے126 گیندوں پر 124 رنز بٹورے، اس اننگز میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل رہے۔ آملانے ریلی روسیو (89) کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 185 کی شراکت بنا کر ٹیم کا مجموعہ 7 وکٹ پر 304 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس دوران اوپنر کو74 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس بھی ملا، کولن منرو کی گیند پر کور پوزیشن پر موجود ٹام لیتھم ڈائیو لگانے کے باوجود کیچ نہیں تھام سکے۔ مہمان ٹیم جوابی اننگز میں 48.1 اوورز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر ٹام لیتھم 60 اورکین ولیمسن 47 رنز بنا کر پویلین واپس گئے، مارٹن گپٹل 25 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، جمی نیشم نے 41 اورکولن منرو نے 33 رنز بنا کر بڑے ہدف کا تعاقب کرنا چاہا مگر ناکام رہے۔ ڈیل اسٹین، ورنون فلینڈر، عمران طاہر اور ڈیوڈ ویسی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہاشم آملہ کو شاندار اننگ کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔