کینبرا۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری کرکٹ کے11ویں ورلڈ کپ میںپول بی میں آئرلینڈکو جنوبی افریقہ نے شکست دے دی ہے۔آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ نے 412 رنز کے ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں ۲۱۰رن پر آئوٹ ہوگئی۔اس میچ میں امپائرنگ کا معیار خاصا ناقص رہا ہے اور تین مرتبہ تھرڈ امپائر نے گراؤنڈ امپائر کی جانب سے دیے گیے فیصلے کو تبدیل کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنائے جن میں سے 131 رنز آخری دس اوورز میں بنے۔
جنوبی افریقہ وہ واحد ٹیم ہے جس نے لگاتار دو ون ڈے میچوں میں چار سو سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ڈی ویلیئرز کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے 408 رنز بنائے تھے۔آج جنوبی افریقہ کے ٹاس جیتنے کے بعد ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز شروع کی تو مونی نے اپنے دوسرے ہی اوور میں ڈی کاک کو آؤٹ کر دیا، وہ ایک رن ہی بنا پائے۔چھٹے اوور میں ایڈ جوائس نے آملہ کا کیچ چھوڑ کر اپنی ٹیم کو آغاز میں ہی دوسری وکٹ سے محروم کیا۔تاہم اس کے بعد آملہ اور ڈوپلیسی نے پراعتماد انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے سنچریاں بنائیں اور ان دونوں کی شراکت میں 247 رنز بنے۔جنوبی افریقہ کو تیسرا نقصان 39ویں اوور میں ہوا جب کیون اوبرائن نے ڈوپلیسی کو 109 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔
ہاشم آملہ نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 20ویں سنچری بنانے کے بعد 159 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جو ایک روزہ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے کم میچوں میں 20 سنچریاں بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔ انھوں نے اپنے 111ویں ایک روزہ میچ میں یہ کارنامہ سرانجام دے کر ہندوستان کے ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔آملہ کی وکٹ میک برائن نے لی جنھوں نے اسی اوور میں ابراہم ڈی ویلیئرز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیاب بھی دلوائی۔روسو نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بلے بازی کی اور دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائیاس کے بعد ملر اور روسو نے جارحانہ انداز اپنایا اور نو اوورز میں 110 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 411 تک پہنچا دیا۔روسو نے 30 گیندوں میں 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ ملر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی وہی ٹیم میدان میں اتری جس نے گذشتہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 257 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔اس وقت پول بی میں جنوبی افریقہ تین میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آئرلینڈ دو میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔آئرلینڈ ان تین ٹیموں میں سے ایک ہے جو ابھی تک عالمی کپ 2015 میں ناقابلِ شکست ہیں۔